[wp_news_ticker_benaceur_short_code]

ہمارے بارے میں

عزم میڈیا گروپ کے بیانیہ خدوخال

دنیائے صحافت میں ”عزم میڈیا گروپ“ کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں جو گزشتہ بیالیس برسوں سے پرنٹ میڈیا کے میدان میںشب و روزقرطاس وقلم کی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

عزم میڈیا گروپ کے روحِ رواں جناب رحمت علی رازی، جو ادارہ ہذا کے بانی چیئرمین بھی ہیں،تحقیقاتی صحافت اور کالم نویسی کے مقامِ اطلاق میں آفاقی نام آوری اور انفرادی اسلوب کے حامل ہیں۔ انہوں نے روزینہ ریاضت، جانفشانی، تندہی اور عشق شعاری سے مشاغلِ صحافت میں ایک درخشندہ وتاباں مثال قائم کی ہے۔ چار عشروں پر محیط ایک طویل قلمی کیرئیر کی بدولت انہیں وہ مقام و مرتبہ حاصل ہوا ہے کہ اب ان کی شخصیت شفاف جرنلزم، بے داغ کردار اور صحافیانہ بصیرت کی ترجمان بن چکی ہے اور صحیفہ حرف و لفظ میں انہیں مثال آفریں حرفِ تشبیہ کا درجہ حاصل ہو چکا ہے۔

جنابِ رحمت علی رازی نے تحریکِ پاکستان کو مہمیز دینے والے تاریخ ساز شہر بہاولپور میں جنم لیا۔ انہوں نے اپنے صحافتی سفر کا آغاز 1974ء میں روزنامہ”وفاق“ سے بحیثیت سٹاف رپورٹر کے اور 1982 تک اسی سے منسلک رہے۔ بہ ایں ہمہ 1978ء میں وہ ”پنجاب یونین آف جرنلسٹس “کی ”مجلس عاملہ“ کے بلا مقابلہ رکن منتخب ہوئے تو 1979 میں اس کے جوائنٹ سیکرٹری چن لئے گئے اورپھر1981ءمیں ”پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس“ کی ”مجلس عاملہ“ کے رکن منتخب ہوگئے۔ 1988ء میں ” آئی ایس پی آر“ کی جانب سے ”دفاعی نامہ نگار“ کی تربیت حاصل کی۔ 1989 میں پاکستان آرمی کی مشقِ اعظم”ضربِ مومن“ میں شمولیت اختیار کر کے فوج کے مختلف یونٹوں کے ساتھ رہے اور اس جنگی مشق کی بہترین رپورٹنگ پر انہیں اس وقت کے چیف آف آرمی سٹاف کی طرف سے ”تعریفی سند“ عطا کی گئی۔ ازاں بعد روزنامہ ”نوائے وقت“ کے ساتھ بطور ”فیچر رائٹر“ اور انٹرویو نگار منسلک ہوگئے اور 1984ء سے مارچ 1994ء تک ”سینئر سٹاف رپورٹر“ کے طور پر کام کیا۔ مارچ 1994ءمیں ہی روزنامہ ”جنگ لاہور“ کے ساتھ ”خصوصی نامہ نگار“ کی حیثیت سے وابستہ ہوگئے اور ان کی قابلیت اور غیر معمولی کارکردگی کی بنا پر 1997ءمیں انہیں ایڈیٹر گریڈ میں ترقی دے کر”جنگ گروپ آف نیوز پیپرز“ کا ”ایڈیٹر انویسٹی گیشن“ مقرر کر دیا گیا۔ یہی وہ دور تھا جب روزنامہ جنگ میں ”درونِ پردہ “کے نام سے شائع ہونے والا ان کا تحقیقاتی کالم قومی اوربین الاقوامی سطح پر ہر مکتبہ فکر کی توجہ کا مرکز بن گیا جو آجکل روزنامہ ”ایکسپریس“، روزنامہ”طاقت“ اور ہفت روزہ ”عزم“ کے صفحات کی زینت بن رہا ہے۔ ”دورنِ پردہ“ واحد کالم ہے جس کی عوامی پسندیدگی سوشل میڈیا کے مختلف فورمز پر لاکھوں ”لائیکس“ کا ریکارڈ بنا رہی ہے۔

حالات پر گہری نظر رکھنے اور جابر حکمرانوں کی خبر لینے والے رحمت علی رازی پاکستان کے واحد صحافی ہیں جنہوں نے 1987 سے 1996 کے دوران بہترین تحقیقی رپورٹنگ پر سات ”اے پی این ایس“ ایوارڈز حاصل کر کے صحافت کی تاریخ میں ایک سنہرا باب رقم کیا۔ بہ ایں ہمہ شعبہ صحافت میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں 23 مارچ2000ءکو ”صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی“ سے بھی نوازا گیا۔

جناب رحمت علی رازی ”عزم میڈیا گروپ“ کے ” گروپ چیئرمین“ اور ”ایڈیٹر انچیف“ کے علاوہ ”پرنٹر اور پبلشر“ بھی ہیں جن کی ادارتِ اعلیٰ میں ”روزنامہ طاقت“ بیک وقت پاکستان کے گیارہ بڑے شہروں: لاہور، اسلام آباد،راولپنڈی، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے شائع ہو رہا ہے جبکہ روزنامہ ”بزنس ورلڈ“ ، ہفت روزہ ”عزم“،، ہفت روزہ ”طاقت انٹرنیشنل“ اور ہفت روزہ ”اکنامک ورلڈ“ بھی لاہور سے تسلسل کےساتھ شائع ہو رہے ہیں۔ روزنامہ”طاقت“، روزنامہ ”بزنس ورلڈ“، ہفت روزہ”عزم“ ، ہفت روزہ ”اکنامک ورلڈ“ اور ہفت روزہ ”طاقت انٹرنیشنل“ اے پی این ایس ، سی پی این ای کے ممبرہونے کےساتھ ساتھ ایوانِ صنعت وتجارت لاہور کے مستقل ممبر بھی ہیں۔

جناب رحمت علی رازی عرصہ دراز سے ”اے پی این ایس“ کی ” ایگزیکٹو کمیٹی“ کا ممبر ہونے کے ساتھ ساتھ ”سی پی این ای“ کی ”سٹینڈنگ کمیٹی“ کے رکن بھی چلے آرہے ہیں۔ سال 2015 میں وہ اے پی این ایس کے جوائنٹ سیکرٹری تھے جبکہ سال 2016-17 کے لئے انہیں”کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹر (سی پی این ای) کے نائب صدر (پنجاب) کے طور پر بھی منتخب کیا گیا جبکہ فی الوقت وہ سی پی این ای پنجاب کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔ اس صاحبِ تدبر، دانشور اور زیرک وقیع نگار کے زیرِ انصرام ”عزم میڈیا گروپ“ اپنے مجازکار میں متذکرہ روزنامے اور ہفت روزے بغیر کسی انقطاع وتعطل کے باضابطہ و باقاعدہ شائع کر رہا ہے۔ ہفت روزہ ”عزم“ جو برسوں سے مسلسل اشاعت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے، کو” عزم میڈیا گروپ “کی”مدر پبلی کیشن“ کا درجہ حاصل ہے جس کے بطن سے” عزم میڈیا گروپ “کی دیگر جملہ پبلی کیشنز تولّد ہوئی ہیں۔

”عزم میڈیاگروپ“ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پاکستان کے گیارہ مرکزی شہروں سے شائع ہونےوالے اس کے بین الاقوامی اخبار، روزنامہ طاقت“ کا ایک ایڈیشن انٹرنیٹ پر بھی روزانہ جاری کیا جاتا ہے تاکہ دنیا بھر میں ”طاقت“ کے شائقین اور قارئین سنسنی سے پاک خبریں ،پسندیدہ اداریوں، کالموں اور تجزیوں سے تشنہ کام نہ رہیں۔ اس کے روزانہ بائٹس کروڑوں میں ہیں۔

ہفت روزہ ”عزم’“ فورکلر میں شائع کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اشتہاری ایجنسیاں اسے خصوصی توجہ کی مستحق قرار دیتی ہیں۔ حالاتِ حاضرہ پر مبنی یہ معلوماتی جریدہ 64صفحات پر مشتمل ہے اوراس میں جگہ پانے والے اشتہارات بالعموم گلیزنگ پیپر پر شائع ہوتے ہیں۔ ملک کے ممتاز اخبار نویس، تجزیہ کار، رپورٹرز اور کالم نگار جوروزنامہ ”طاقت“ سے وابستہ ہیں اور” عزم میڈیا گروپ “کا شاندار اثاثہ ہیں‘ ہفت روزہ ”عزم“ بھی ان کے غیرمعمولی تجزیوں، تبصروں اور فیچرز سے عوضانیہ طور پر مستفید ہورہا ہے۔ سیاست، تاریخ، مذہب، ادب، فلسفہ، سائنس، ٹیکنالوجی، طب، ثقافت، کھیل، مزاح، نجوم، کارٹون، ضرب الامثال اور طفلی لٹریچر کے شائقین کو ہر ہفتے ”عزم“ کی کاپی کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ ہفت روزہ عزم کی تجربہ کار اور پیشہ ورانہ ٹیم اپنے چیئرمین و ایڈیٹر انچیف جناب رحمت علی رازی کی سرکردگی میں ”عزم“ میں تنوّع اور ندرت پیدا کرنے کیلئے ہمہ تن کوشاں ہے۔”عزم میڈیاگروپ“ کے اعلی تعلیم یافتہ اور تجربہ کار نمائندگان نہ صرف ملک بھر میں بلکہ دبئی، ابوظہبی، مسقط، پیرس، ایمسٹرڈیم، برسلز، کوپن ہیگن، سڈنی، وینس، ٹورانٹو، جدہ، لندن، نیویارک اور فرینکفرٹ وغیرہ میں بھی بروئے کار ہیں جن کی ارسال کردہ کرنٹ افیئرز پر مبنی خبریں، رپورٹیں، فیچرز، تجزیئے اور کالم ”عزم میڈیاگروپ“ کے قارئین کی متنوع دلچسپیوں کا مرکز ہیں۔

تیزی سے بدلتے عالمی تناظر کے پیشِ نظر جناب رحمت علی رازی صاحب یہ قصد کئے ہوئے ہیں کہ ”عزم میڈیاگروپ“ کی چوکھنڈی تلے ایک زیبا و شایاں ویب چینل کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا جس کا نیٹ ورک وہ اندرون و بیرون ملک یکساں توانائی کے ساتھ پھیلانے کامصمم ارادہ رکھتے ہیں اور اس کی ابتدائی تیاری و بنیادی مشاقی قریبِ کار ہے۔ اس کیساتھ ساتھ یہ فیصلہ بھی فعلِ ضامن ہے کہ ”عزم میڈیاگروپ“ کے تحت وطنِ عزیز کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے بیک وقت ایک نجی ٹی وی کا اجراء بھی کیا جانے والا ہے جس کا ہیڈ آفس جیل روڈ لاہور پر ہی قائم ہوگا جہاں سے ”عزم میڈیا گروپ“ کے ملکیتی روزنامہ ”طاقت“، روزنامہ” بزنس ورلڈ“ اور تینوں متذکرہ ہفت روزہ جرائد شائع ہورہے ہیں۔ عزم میڈیا گروپ کے پاس بفضلِ خدا نہ تو تجربہ کار سٹاف کی کمی ہے ،نہ ہی دفتری سپیس کی۔ اے ایم جی(عزم میڈیا گروپ) کی ویب سائٹ کا بنیادی نیوزمیٹریل اور مطلوبہ مواد اسی متوقع ٹی وی کے بنیادی ڈھانچہ کا عکاس وترجمان ہے۔

”عزم میڈیا گروپ“ کامطعِ نظر اور صحافتی نصب العین اسلام کی خدمت، نظریہ پاکستان کا تحفظ، قائداعظم اور علامہ اقبال کے فرمودات کی روشنی میں جمہوریت کا استحکام، جری افواجِ پاکستان کی عزت و تکریم اور جمہوری روایات واقدار کی مضبوطی ہے‘ ان افکار وعزائم پر ”عزم میڈیا گروپ“ کے مربی جناب رحمت علی رازی نے کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔

”عزم میڈیا گروپ“ اور اس کی جملہ پبلی کیشنز سرکاری طور پر منظورشدہ پاکستان کی تمام صحافتی تنظیموں اور اداروں کی معزز رکن ہےں اور اے پی این ایس اور سی پی این ای کی طرف سے اندرون و بیرون ملک جب بھی کسی قومی یا بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے، جناب رحمت علی رازی حسبِ دستور وحسبِ معمول ایک معزز اور منتخب رکن کی حیثیت سے ان میں مدعو کئے جاتے ہیں۔

عزم میڈیا گروپ اپنے بلند عزائم اور صحافت کے جدید تقاضوں کے عین مطابق اپناسفر پوری آب وتاب اور عزمِ بالجزم سے جاری وساری رکھے ہوئے ہے اور اللہ تبارک وتعالیٰ سے عاجزانہ دعا خواں ہیں کہ تاجدارِ کائنات کے صدقے مستقبل کی تمام آمدہ پہنائیوں میں بھی ”عزم میڈیا گروپ“ کا کارواں خرابہ وقت میں کہیں پائے لغزش کاشکار نہ ہو اور فضیلتِ جلالی کے طفیل صراطِ صحافت پر ہمیشہ رواں دواں رہے۔ آمین! ثم آمین!!