عامر خان ’بیٹی‘ کے کیریئر کیلئے مصیبت بن گئے

بالی وڈ اداکار عامر خان فلم ’دنگل‘ میں ان کی بیٹی کا کردار کرنے والی اداکارہ فاطمہ ثنا کے کیریئر کے لیے مصیبت بن گئے ہیں۔

بھارتی فلم نگری میں خانز کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے کئی چہروں کو متعارف کرایا ہے۔

انہی میں کترینہ کیف، دپیکا پڈوکون، انوشکا شرما، سنی لیون، زرین خان سمیت کئی نام شامل ہیں۔

گزشتہ سال عامر خان نے بھی فلم نگری میں 3 اداکاراؤں کو ایک ساتھ متعارف کرایا تھا جس میں فاطمہ ثنا شیخ، سانیا ملہوترا اور زائرہ وسیم شامل ہیں۔

مسٹر پرفیکشنسٹ کی فلم ’دنگل‘ میں ان تینوں اداکاراؤں نے بیٹیوں کے کردار کیے تھے تاہم فاطمہ ثنا شیخ عامر خان کے مدمقابل فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ میں بھی کاسٹ ہیں۔

فلم نگری میں عامر خان کی متعارف کرائی گئی ان اداکاراؤں میں سے فاطمہ ثنا شیخ کو کام ملنے کے حوالے سے شدید پریشانی کا سامنا ہے اور کئی پروڈکشن ہاؤسز نے انہیں کسی بھی فلم میں کاسٹ کرنے سے منع کیا ہے۔

اداکارہ فاطمہ ثنا کام کے لیے تقریباً بالی وڈ کے تمام پروڈکشن ہاؤسز جاچکی ہیں لیکن کوئی انہیں کام دینے کو تیار نہیں۔

رپورٹ کے مطابق پروڈکشن ہاؤسز فاطمہ کو عامر خان کی دریافت مانتے ہیں اور اسی لیے انہیں ان کے علاوہ کوئی بھی فلم نہیں دے سکتا۔

یاد رہے کہ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ میں فاطمہ ثنا شیخ کو عامر خان کی درخواست پر کاسٹ کیا گیا۔

دوسری جانب سانیا ملہوترا کا کیریئر کامیابی سے جاری ہے اور وہ کوریوگرافر بھی بن گئی ہیں جب کہ انہیں ایک فلم ’بدھائی ہو‘ میں کاسٹ کیا گیا ہے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.