ماہرہ اور ایشوریا کے ایک جیسے لباس کے چرچے

ماہرہ خان باصلاحیت اداکارہ ہونے کے ساتھ بہترین اسٹائل آئیکون بھی ہیں، جنہیں فالو کرنے والے لوگوں کی تعداد سیکڑوں میں ہے۔

اس وقت ماہرہ خان لندن میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے ایشیئن فلم فیسٹول کی تقریب کے دوران ایوارڈ حاصل کیا اور اس موقع کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں۔

ماہرہ خان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی دیر تھی کہ ان کے زیب تن کیے گئے سرخ اور سیاہ دھاری دار جمپ سوٹ کے حوالے سے چرچے شروع ہوگئے اور ان کا موازنہ بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے سے کیا جانے لگا، جنہوں نے حال ہی میں بھارت کے فیمینا میگزین کی شوٹ کے لیے بالکل ایسا ہی لباس پہنا تھا۔

اگرچہ دونوں اداکاراؤں نے ہی بھارتی ڈیزائنر دھروو کپور کا ڈیزائن کردہ دھاری دار جمپ سوٹ پہنا لیکن انداز ایک دوسرے سے مختلف نظر آئے ۔

جس کے بعد پاک-بھارت کی ان حسیناؤں کے اس انداز کے چرچے سوشل میڈیا پر شروع ہوگئے۔

کچھ مداحوں نے کہا کہ ایشوریا نے بہترین انداز سے یہ لباس پہنا، جب کہ متعدد پاکستانی سمیت بھارتی مداحوں کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان کا اسٹائل ہمیشہ کی طرح پرفیکٹ دکھائی دیا۔

ایک طرف ایشوریا نے اس سوٹ کے اوپر بالکل ویسا ہی سرخ اور سیاہ دھاری دار لانگ کوٹ پہنا تھا، وہیں ماہرہ خان نے کالے کوٹ کا انتخاب کیا جسے زیادہ پسند کیا گیا۔

لباس سے ہٹ کر بات کی جائے تو ماہرہ خان نے میک اپ کے طور پر بلش آن کے ساتھ صرف لپ اسٹک کو ترجیح دی اور ایک ہلکا سا بریسلٹ پہنا۔

جب کہ ایشوریا نے نیوڈ میک اپ کے ساتھ بالوں کو کرل کیا اور ہاتھوں میں بڑی بڑی اسٹیٹمنٹ انگوٹھیاں پہنی۔

اس سے قبل بھی ماہرہ خان نے گزشتہ برس اپنی بالی وڈ ڈیبیو فلم ‘رئیس’ کی تشہیر کے دوران سفید رنگ کا آف شولڈر لباس زیب تن کیا تھا اور کچھ ہی عرصے بعد بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ بھی اسی طرح کے لباس میں دکھائیں دی لیکن تب بھی مداحوں نے ماہرہ خان کے انداز کو پسند کیا تھا۔

 ہم تو ماہرہ خان کے اسٹائل کے دیوانے ہیں، آپ کو کس کا اسٹائل زیادہ پسند آیا؟

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.