سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے کا اب کوئی وقت نہیں ہے، سرفراز سے غلطی ہوگئی، پابندی بھی لگ گئی اب پی سی بی صحیح فیصلے کرے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سیریز ٹو سیریز کپتان نہیں بنایا جاتا ہے، پی سی بی نے سیریز ٹو سیریز کپتان کا پیغام دیا ہے تو میں اس کے خلاف ہوں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی ابھی نئے ہیں، انہیں صورت حال سمجھنے میں وقت لگے گا۔ ہم سے مشورے مانگیں گے تو ضرور دیں گے، اس بار پی ایس ایل سے اچھے کھلاڑی ملیں گے۔
دوسری جانب پی ایس ایل کی 4 فرنچائزز کا معروف کمپنی کے پراڈکٹ اسپرائٹ سے معاہدہ ہوا ہے۔ کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی کا جوش اسپرائٹ بڑھائے گا، وسیم اکرم نے کہا کہ ملٹی برانڈ کا 4 فرنچائز سے جڑنا ایک بڑا کارنامہ ہے۔
Mr. Tariq Wasi CEO Karachi Kings & Mr Wasim Akram President Karachi Kings sharing a few words at the press conference of #Sprite The Official Thirst Quencher of #KK for the upcoming #HBLPSL #Season4#DeDhanaDhan #KingsRoar #KarachiKingsKaZorInPSL4 #PyaasSayPhaddaLay pic.twitter.com/bk1NuNTLvU
— Karachi Kings (@KarachiKingsARY) February 1, 2019
اس موقع پر سابق کرکٹر ظہیر عباس نے کہا کہ کرکٹ بورڈ معاملہ لٹکائے نہیں، اعلان کرے کہ کپتان کون ہوگا، بہتر وقت یہی ہے سرفراز احمد کا بطور کپتان اعلان کر دیا جائے۔
ظہیر عباس نے کہا کہ آئی سی سی نے فیصلہ دیا ہے تو سوچ سمجھ کر ہی دیا ہوگا، سرفراز احمد کو بھی آرام کا موقع مل گیا ہے تاہم سرفراز احمد کپتان ہیں، انہیں سوچ سمجھ کر بولنا چاہئے۔