ٹیم کو تیز ہوا اور سرد موسم کا سامنا تھا، فخرزمان

ویلنگٹن: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں تیز ہوا اور سرد موسم کا سا منا تھا۔ فخرزمان نے کہا کہ ویلنگٹن کی تیز ہواؤں اور سرد موسم نے ٹاپ آرڈر کو پریشان کیا، ہم قبل از وقت نیوزی لینڈ میں پہنچ کر مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے کوشاں رہے، تیاری بھی اچھی کی تھی لیکن بدقسمتی سے ٹاپ آرڈر ناکام رہا، ٹم ساؤتھی نے آغاز میں بہترین لائن اور لینتھ پر گیند کرتے ہوئے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

فخر زمان نے کہا کہ کراچی میں بھی تیز ہواچلتی ہے،مجھے ایسے ماحول میں کھیلنے کا تجربہ بھی تھا لیکن وہاں موسم اتنا سرد نہیں ہوتا،اپنی اننگز کے دوران کریز پر قیام طویل کرنے کیلئے ابتدا میں سنبھل کر کھیلا، بعد ازاں ماحول کا اندازہ ہوگیا تو ہوا کے رخ کو سامنے رکھتے ہوئے اسٹروکس کھیلنا شروع کئے،اس میں کامیابی بھی ہوئی، انہوں نے کہا کہ کیوی ٹیم میں بہترین پیسرز اور اسپنرز شامل ہیں تاہم اننگز کے کسی بھی مرحلے پر سہل پسندی کا شکار ہونے سے بازی پلٹ سکتی ہے۔

ایک سوال پر فخر نے کہا کہ میزبان کپتان ولیمسن نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین اننگز کھیلی،ان کے آخر تک بیٹنگ کرنے کی وجہ سے ہی میزبان ٹیم 300سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہوئی،پچ میں کوئی خرابی نہیں تھی،گرین شرٹس کو تیز ہوا اور سرد موسم کی وجہ سے مشکلات ہوئیں۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.