Daily Taqat

قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

دورہ انگلینڈ پر موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے اس وقت بری خبر یہ ہے کہ فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے پی سی بی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سٹیو رکسن نے فیلڈنگ کوچ کا عہدہ چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور انہوں نے پی سی بی کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے نئے فیلڈنگ کوچ کی تلاش کا پیغام پہنچا دیا ہے۔ سٹیو رکسن نے فیلڈنگ کوچ کا عہدہ چھوڑنے کی وجہ نجی مصروفیات کو قرار دیا ہے۔ جبکہ پی سی بی نے سٹیو رکسن کو منانے کی کوششیں بھی شروع کر دی ہیں۔ بورڈ حکام کو امید ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اپنا کنٹریکٹ مکمل کریں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اورسٹیو رکسن کے مابین معاہدہ 2019ء ورلڈ کپ تک کا ہے۔ اس دوران انہیں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کی کوچنگ کرنی ہے۔ 64 سالہ فیلڈنگ کوچ 2016ء سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک ہیں۔ سٹیو رکسن کی کوچنگ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم نے بہت سی فتوحات حاصل کی ہیں۔ پاکستان کو ملنے والی فتوحات میں چیمپئنز ٹرافی 2017ء کی فتح سب سے زیادہ نمایاں اور قابل ذکر ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں ٹیسٹ سیریز کیلئے انگلینڈ میں موجود ہیں اور شاداب خان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے اپنے دوسرے پریکٹس میچ میں نارتھمپٹن شائر کو 259 رنز پر ٹھکانے لگا کر 2 وکٹوں کے نقصان پر اب تک 91 رنز بنا لیے ہیں۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »