نیوزی لینڈ کےباکسر سونی بل ولیمز کا دورہ سعودی عرب، عمرے کی ادائیگی

نیوزی لینڈ کے باکسر اور رگبی کھلاڑی سونی بل ولیمز نے رواں ماہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا دورہ کیا اور مقدس مقامات کی تصاویر مداحوں سے شیئر کیں۔

سونی بل ولیمز  واحد مسلم باکسر اور کھلاڑی ہیں جو نیوزی لینڈ کے لیے کھیلتے ہیں۔

وہ انٹرنیشنل ہیوی ویٹ چیمپیئن کے فاتح بھی ہیں اور 2011 اور 2015 میں رگبی ورلڈ کپ بھی جیت چکے ہیں۔

انہوں نے 2008 سے قبل اپنی ذاتی زندگی میں خوب نشیب وفراز دیکھے، جس کے بعد 2009 میں سونی بل ولیمز نے اسلام قبول کیا اور دینی تعلیم حاصل کی۔

سونی ولیمز نے حال ہی میں مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا اور مدینہ شریف کی زیارت بھی کی، جس کی تصاویر انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں۔

سونی ولیمز نے مسجد نبوی کے احاطے کی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور لکھا ’مدینے میں مسجد نبویﷺکی زیارت کرنا کتنا زبردست احساس ہے ‘۔

انہوں نے قبرستان جنت البقیع کی بھی زیارت کی اور ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے اسلامی تاریخ کی تمام عظیم شخصیات کے لیے دعا کی ہے۔

 سونی بل ولیمز کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اپنے مسلمان ہونے پر فخر ہے، اس نے مجھے وہ احساس اور خوشی دی ہے، جس کی ہمیشہ سے مجھے تلاش تھی، میں اسے ایک ذمہ داری کی طرح دیکھتا ہوں۔’


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.