Daily Taqat

انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں 63رنز سے شکست دے دی

کراچی: سیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان انگلینڈ نے پاکستان کو 63 رنز سے شکست دے دی، انگلش ٹیم کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔

222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اچھا آغاز فراہم نہ کیا گیا اور ابتدائی چار کھلاڑی 28 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اسکے بعد شان مسعود اور خوشدل شاہ کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنے لیکن یہاں خوشدل شاہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اسکے بعد شان مسعود اور محمد نواز کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنے لیکن یہاں محمد نواز 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان قادر صفر اور حارث رؤف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہی بنا سکی، قومی ٹیم کے کھلاڑی شان مسعود 66 رنز بنا کر ناقبل شکست رہے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شان مسعود کے کیریئر کی یہ پہلی نصف سنچری ہے، انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کروایا گیا۔ سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی اتوار 25 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

انگلش ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو 18 رنز پر اوپنر فل سالٹ 8 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ مہمان ٹیم کے 82 رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ ڈیوڈ ملان 14 رنز اور الیکس ہیلز کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے وِل جیکس 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد انگلش ٹیم کے مڈل آرڈر نے بہترین بیٹنگ کی۔ بلے باز بین ڈکٹ 69 اور ہیری بروک 88 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 139 رنز بنائے گئے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی سب سے مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے، انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 62 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔ عثمان قادر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ انگلینڈ کی جانب سے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ الیکس ہیلز کی جگہ وِل جیکس، لیوک ووڈ کی جگہ مارک ووڈ اور ڈیوڈ ویلی کی جگہ ریسی ٹوپلے کو شامل کیا ہے۔

ٹاس جیتنے والے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے جس پر 150 سے 180 رنز کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے، لگاتار دو میچ کھیلنا آسان نہیں۔

انگلش کپتان معین علی کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر بولنگ ہی کرتے لیکن اب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا ہدف دینا ہے اور پاکستان کی جلدی وکٹیں حاصل کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »