حسن علی و ن ڈے انٹرنیشنل میچوں میں وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے باﺅلر بن گئے
پاکستان کے مایہ ناز نوجوان فاسٹ باﺅلر حسن علی بہت کم عرصے میں شہرت کی بلندیوں پر جا پہنچے اور دنیا کے بڑے بڑے بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا۔وہ ناصرف چیمپینز ٹرافی کے بہترین کھلاڑی قرار پائے بلکہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھی نمبرون باﺅلر بن چکے ہیں اور اب وہ پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر کا ایسا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ چکے ہیں جس کے بارے میں دنیا کا کوئی باﺅلر سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ حسن علی لگاتار 13 و ن ڈے انٹرنیشنل میچوں میں مسلسل وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے باﺅلر بن گئے ہیں اور اگر انہوں نے اگلے تین میچوں میں ہر میچ کے دوران کم از کم ایک وکٹ بھی حاصل کر لی تو شعیب اختر کا ریکارڈ برابر کر دیں گے جنہوں نے 16 لگاتار میچوں میں وکٹیں حاصل کی تھیں۔سب سے زیادہ لگاتار ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے دوران وکٹیں حاصل کرنے کا ورلڈ ریکارڈ آسٹریلیا کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر بریٹ لی کے پاس ہے جنہوں نے لگاتار 26 میچوں میں وکٹیں حاصل کی تھیں۔