اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ، پاکستان 139 رنز سے اننگز آگے بڑھائے گا

اولڈ ٹریفورڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز کا جمعرات کو دوبارہ آغاز کرے گی۔

ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کے باعث متاثر ہوا تھا اور محض 49 اوورز کی ہی اننگز کھیلی گئی جس میں پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے تھے۔ نائب کپتان بابر اعظم 69 اور اوپننگ بلے باز شان مسعود 46 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ دونوں بلے باز دوسرے روز کا کھیل آگے بڑھائیں گے۔

پاکستان کے وقت کے مطابق میچ دوپہر تین بجے شروع ہو گا۔ انگلش بالرز بھی تازہ دم ہو کر میدان میں اتریں گے۔ گزشتہ روز جوفرا آرچر اور کرس ووکس ہی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے تھے جب کہ انگلش پیس بیٹری کے نمایاں بالر جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے تھے۔

انگلش کپتان جو روٹ نے بابر اعظم اور شان مسعود کے خلاف ڈوم بیس کو بھی آزمایا اور خود بھی تین اوورز کرائے لیکن وہ بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔ پاکستان کے بیٹنگ لائن اپ میں اسد شفیق، شاداب خان اور محمد رضوان بھی موجود ہیں جب کہ ڈیل اینڈر میں یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ ہیں۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.