پاکستان میں آج رات سے خزاں شروع ہوجائیگی

لاہور: آج 22 ستمبر 2020 کے روز نہ صرف دن اور رات کی لمبائی برابر ہے بلکہ پاکستانی معیاری وقت کے مطابق شام 6 بج کر 30 منٹ پر زمین کے شمالی نصف کرے میں خزاں کا آغاز بھی ہوجائیگا۔ ایسا ہر سال ہوتا ہے اور یہ موقع ’’اعتدالِ خریفی‘‘ کہلاتا ہے۔ البتہ ٹھیک اسی وقت زمین کے جنوبی نصف کرے میں بہار کی ابتداء ہوجائیگی۔

یاد رہے کہ ہمارا سیارہ زمین اپنے محور پر 23.45 ڈگری جھکا ہوا ہے جس کے باعث یہاں پورے سال میں چار موسم یعنی سردی، گرمی، خزاں اور بہار ہوتے ہیں۔ اسی جھکاؤ کی وجہ سے زمین کے شمالی نصف کرے میں جو موسم ہوتا ہے، اس کا بالکل اُلٹ موسم جنوبی نصف کرے میں ہوتا ہے۔ فلکیات (ایسٹرونومی) کے نقطہ نگاہ سے بات کریں تو ہر سال موسموں کی تبدیلی بھی چار مرحلوں میں ہوتی ہے۔

پہلا: اعتدالِ ربیعی جسے فلکیاتی اعتبار سے ’’موسمِ بہار کا آغاز‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس روز رات اور دن کی لمبائی برابر ہوتی ہے۔ اس سال یہ موقع پاکستانی وقت کے مطابق 20 مارچ کو صبح 8 بج کر 49 منٹ پر آیا تھا۔ دوسرا: انقلابِ گرما جسے زمین پر موسمِ بہار کا نقطہ آغاز قرار دیا جاتا ہے۔ یہ سال کا سب سے طویل دن اور مختصر ترین رات ہوتی ہے۔ یہ موقع اس سال 21 جون کی صبح 4 بجکر 43 منٹ پر آیا تھا۔ تیسرا: اعتدالِ خریفی یعنی ’’خزاں شروع ہونے کا موقع‘‘ جس کی تفصیلات اس خبر کی ابتداء میں بیان کی گئی ہیں۔ چوتھا: انقلابِ سرما کہ جب سال کی سب سے لمبی رات اور سب سے چھوٹا دن ہوتا ہے۔ فلکیات میں یہی وقت موسمِ سرما کا آغاز بھی قرار دیا جاتا ہے۔ اس سال کا انقلابِ سرما پاکستانی معیاری وقت کے حساب سے 21 دسمبر کی سہ پہر 3 بج کر 1 منٹ پر واقع ہوگا۔

دلچسپی کیلئے بتاتے چلیں کہ ’’اعتدال‘‘ وہ مواقع ہوتے ہیں جب سورج آسمانی خطِ استوا سے گزرتا ہے جبکہ ’’انقلاب‘‘ وہ مواقع ہیں کہ جب سورج اپنے سالانہ راستے (طریقِ شمس) پر حرکت کرتے دوران آسمانی خطِ استوا سے سب سے زیادہ دوری پر چلا جاتا ہے۔ شروع میں بتایا جاچکا ہے، زمین کے شمالی نصف کرے میں جو موسم ہوتا ہے، جنوبی نصف کرے میں اس کا اُلٹ موسم ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنوری کے مہینے میں پاکستان سمیت دیگر شمالی ممالک میں سردی پڑ رہی ہوتی ہے تو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ وغیرہ میں شدید گرمی ہوتی ہے۔

اسی بات کے پیشِ نظر اب انہیں بالترتیب ’’مارچ کا اعتدال، جون کا انقلاب، ستمبر کا اعتدال اور دسمبر کا انقلاب‘‘ کہا جانے لگا۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.