زرداری سرٹیفائیڈ کرمنل ہیں، عمران خان

کراچی: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ آصف زرداری بھی نوازشریف کی طرح کرپٹ ہیں ۔ان کے ساتھ کھڑ ے ہونے کا جرم نہیں کرسکتا ۔ زرداری سرٹیفائیڈ کرمنل ہیں۔ نواز شریف اور زرداری میں صرف طریقہ کا ر کا فرق ہے۔  انہوں نے کہا میری 21سال کی جدوجہد آصف زرداری اور نواز شریف جیسے لوگوں کے خلاف ہے۔ دونوں نے ملک کو لوٹا ہے۔ نوازشریف کو منی لانڈرنگ کے کیس میں سزا ہوگی ،ان کا سارا پیسہ واپس آئے گا ۔ تحریک انصاف کی حکومت اسے تعلیم پرلگائے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں پولیس ریفارمز کی ضرورت ہے۔ پنجاب اور سندھ پولیس ماورائے عدالت قتل کرتی ہے۔ انکاونٹرز میں لوگوں کو مار کر کارروائی ڈالتے ہیں کہ ملزم کو پکڑلیا اور ماردیا۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی پولیس والا اس طرح کا گھناونا جرم اس وقت تک نہیں کرتا جب تک اس کے پیچھے کسی بااثر سیاسی شخصیت کا ہاتھ نہ ہو۔ زرداری اور نواز شریف نے اپنے صوبوں کی پولیس کو اپنا ذاتی غلام بنا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی پولیس غیر سیاسی ہوتی تو رینجرز کی ضرورت نہ پڑتی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ زینب کے کیس اور عاصمہ کے کیس میں بڑا فرق ہے۔عاصمہ کے والد نے آرمی چیف سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ نہیں کیا کیونکہ انہیں خیبر پختونخوا کی پولیس پر اعتماد ہے۔ عمران نے کہا کہ قصور میں چائلڈ پورنوگرافی کا کیس سامنے آچکا ہے۔ ہمیں شک ہے کہ شاہد مسعود سچ کہہ رہے ہیں۔

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.