زینب قتل کیس: سپریم کورٹ نے 12 میڈیا نمائندوں کو طلب کرلیا

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے زینب قتل از خود نوٹس کیس میں حمید ہارون، میر شکیل الرحمان، کامران خان، حامد میر سمیت 12 میڈیا نمائندوں کو طلب کرلیا، انتہائی حساس نوعیت کے مقدمے کی خصوصی سماعت اتوار کو بھی لاہور رجسٹری میں ہوگی۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے قصور میں اغواء، زیادتی کے بعد قتل کی گئی زینب کے معاملے پر از خود نوٹس لیا، حساس معاملے کی اتوار کی صبح 10 بجے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت ہوگی

سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق عدالت عظمیٰ نے زینب سمیت کئی بچیوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات سے متعلق از خود نوٹس کیس میں میڈیا کے 12 نمائندوں کو طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے طلب کئے گئے میڈیا نمائندوں میں حمید ہارون، میر شکیل الرحمان، رمیزہ مجید نظامی، فہد حسین، آئی اے رحمان، مجیب الرحمان شامی، کامران خان، کاشف عباسی، حامد میر، میاں عامر محمود (پی بی اے)، سرمد علی (اے پی این اے) اور ضیاء شاہد سی پی این ای شامل ہیں

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں ڈاکٹر شاہد مسعود کے بیشتر دعوے غلط ثابت ہوچکے ہیں، اس معاملے پر تحقیقات اور سزا سے متعلق بھی میڈیا نمائندوں سے رائے طلب کی جاسکتی ہے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.