یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن کا نوٹیفکیشن مریم نواز کے نام سے ہوا، استعفیٰ مریم صفدر نے دیا،ہائی کورٹ میں اپیل
لاہور ہائی کورٹ نے یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز کے استعفیٰ کو جعلی قرار دلوانے کے لئے دائر انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کے لئے 5مارچ کی تاریخ مقرر کردی ہے ۔جسٹس فرخ عرفان خان اورجسٹس چودھری محمداقبال پرمشتمل ڈویژن بنچ سید اقتدار حیدر کی طرف سے دائر اس کیس کی سماعت کرے گا۔انٹرا کورٹ اپیل میں موقف اختیا رکیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے مریم نواز کو یوتھ لون سکیم کی چیئر پرسن تعینات کیا تھا۔عدالتی حکم پرمریم نواز کی بجائے مریم صفدر کی جانب سے دستخط شدہ استعفیٰ عدالت میں بھجوا دیا گیا اورمریم نواز کے استعفیٰ میں مریم صفدر کے دستخط کئے گئے ہیں ،درخواست گزارکا مذید کہنا ہے کہ مریم صفدر نے جعلی استعفیٰ کی کاپی فراہم کر کے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔