کراچی : آج شام سے شہر میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شمال مشرقی علاقوں سے چلنے والی تیز ہواؤں سے سردی میں اضافہ نہیں ہو گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 55فیصد ہے۔ادھر بلوچستان میں بارشوں کا نیا سسٹم آج سے داخل ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم بلوچستان کے شمال مغربی حصوں میں داخل ہوگا۔اس سسٹم کی آمد سے کوئٹہ سمیت صوبے کے 30اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں سے تربت، گوادر اور پنجگور سمیت مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔کوئٹہ، قلات، ژوب، زیارت، موسیٰ خیل، ہرنائی، پشین، قلعہ عبداللہ اور خضدار کے بالائی علاقوں میں برف باری کا بھی امکانہ ہے۔محکمہ موسمیات نے متعلقہ حکام اور اداروں کو بارشوں کے پیش نظر تیار رہنے اور احتیاطی اقدامات کرنے کے لیے کہا ہے۔