Daily Taqat

رواں برس منعقد ہونے والا الیکشن کچھ اور نہیں صرف نااہلی کا ریفرنڈم ہوگا، نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ جبکہ ان کی جماعت انتخابات میں تمام ‘نادیدہ طاقتوں’ سے مقابلہ کرے گی۔

صادق آباد سے متصل احمد پور لمبہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ رواں برس منعقد ہونے والا الیکشن کچھ اور نہیں صرف ان کی نااہلی کا ریفرنڈم ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے ‘پبلک ویلفیئر پروجیکٹ’ متعارف کرائے تاہم پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں کیا۔ دوسر ی جانب عمران خان خیبرپختونخوا میں ترقیاتی کام سے متعلق کامیابی پر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں’۔ نواز شریف نے بتایا کہ انہوں نے 1990 میں عمران خان کو شوکت خانم کے لیے زمین تفویض کی لیکن اب عمران خان کو کچھ یاد نہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ‘میں نے عوام کی خدمت کی، بجلی کے بحران اور دہشت گردی کو ختم کیا، موٹر ویز تعمیر کرائی لیکن مجھے محض اس لیے نااہل قرار دے دیا کہ میں نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی’۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت نے قومی خزانہ اور قومی ترقی کے لیے جو کچھ کیا اس کی مثال ماضی کی کسی حکومت سے نہیں ملتی۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کو اگلے 10 برس میں ایشین ٹائیگر میں بدل دیں گے. انتخابات جیتنے کے بعد عوام کو صحت کارڈ اور رہائشی سہولت فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اگلے 70 برس گزشتہ 7 دہائیوں سے قطعی مختلف ہوں گے۔ جلسے سے مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘سیاسی غداروں کے عزائم کو کبھی حقیقت کا روپ نہیں ملے گا اور وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے. صادق آباد کے عوام مسلم لیگ (ن) کے وفاد دار ہیں. سیاسی سوچ بوجھ رکھتے ہیں اور وہ کبھی غداروں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں دائر ایون فیلڈ ریفرنس میں تفتیشی افسر نے اپنا بیان قلم بند کرواتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف عوامی عہدے پر ہوتے ہوئے لندن فلیٹس کے مالک تھے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے اپنا بیان قلم بند کروایا تھا۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ تحقیقات سے ثابت ہوتا ہے کہ نواز شریف عوامی عہدہ رکھتے ہوئے لندن فلیٹس کے مالک تھے اور انھوں نے نیلسن اور نیسکول لیمٹڈ کے ذریعے بے نامی دار کے نام پر فلیٹس خریدے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »