نواز شریف کی سزا کا مقصد انتخابی میدان سے باہر نکالنا تھا، احسن اقبال

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے نواز شریف کی رہائی کے حکم کے عدالتی فیصلے پر رد عمل میں کہا ہے کہ نواز شریف کی سزا پری پول دھاندلی اور انہیں انتخابی میدان سے باہر نکالنا تھا۔ عدالتی فیصلے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نیب کا وہ فیصلہ جو انتقام پر مبنی تھا، وہ معطل ہوا ہے۔ یہ ٹرائل اس لحاظ سے بے حد اہم ہے، اس ٹرائل میں اگر پاکستان میں اندھا شخص تھا اسے بھی نظر آگیا ہے۔ ان مقدمات میں آئین ہے اور نہ قانون، اس میں صرف انتقام اور پری پول دھاندلی تھی جس کا مقصد نواز شریف کو انتخابی میدان سے باہر نکال کر عمران خان کی جعلی کامیابی کے لیے راہ ہموار کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر پاکستان کے عوام اور ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آج اللہ تعالیٰ نے (ن) لیگ کے کارکنان کی دعائیں قبول کی ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھاکہ یہ نان پی سی او انصاف کی ایک جھلک ہے۔

اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔ آج انصاف کی فتح ہوئی ہے، نواز شریف کے چاہنے والوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سارے مقدمات میں نواز شریف، مریم نواز اور صفدر سرخروں ہوں گے اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اب جا کر نواز شریف کو جیل سے باہر لائیں گے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.