چرچ افسوس ناک واقعہ کے بعد حملہ آوروں کے جسم کے اعضاء ڈی این اے کیلئے اکٹھے کرلئے گئے
کوئٹہ: میں چرچ پرحملہ میں ملوث دہشت گردوں کے جسم کےاعضاء کے نمونے ڈی این اے کے لیے حاصل کرلیے گئے ہیں، نمونے ڈی این اے کےلئے پنجاب فارنزک لیبارٹری لاہور بھجوائے جائیں گے، جبکہ نادرا سے بھی شناخت میں مدد لی جائے گی۔
کوئٹہ میں گزشتہ روز زرغون روڈ پر واقع میتھوڈسٹ چرچ پر دہشت گرد حملے کامقدمہ رات گئے سول لائن تھانے میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل، ایکسپلوزیو ایکٹ، انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
تحقیقاتی اداروں کی جانب سے حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ہلاک دہشت گردوں کے جسمانی اعضاء کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں جنھیں ڈی این اے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوایا جارہا ہے۔
دہشت گردوں کی نادرا سے شناخت میں مدد کے لیے فنگر پرنٹ بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔ واقعے میں ملوث 2 حملہ آور سکیورٹی اہلکاروں سے فائرنگ کےتبادلے کےدوران فرار ہوگئے تھےجن کی تلاش کی جاری ہے۔
دوسری جانب واقعہ میں زخمی56 افراد میں سے 31 کو ضروری طبی امداد کی فراہمی کےبعد اسپتال سے رخصت کردیا گیا، دیگر کو طبی امداد دی جارہی ہیں۔
گرجا گھر پر حملہ میں 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ سیکیورٹی پرمامور اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک خود کش حملہ آور ہلاک اور ایک نے چرچ کے احاطے میں خود کو دھماکا خیزمواد سے اُڑا لیا تھا۔