Daily Taqat

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، وزراء کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے وزیراعظم اور وزراء کے ہر قسم کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں گزشتہ حکومت کے میٹروبس منصوبوں، اورنج میٹرو ٹرین اور گرین لائن بس منصوبے کی بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ وزیراعظم نے پشاور میٹروبس منصوبے کی بھی تحقیقات کرانے کی سفارش کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے تمام ماس ٹرانزٹ منصوبوں کا فوری طور پر آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور کابینہ نے سفارش کی ہے کہ ایف آئی اے اور نیب سے تمام منصوبوں کی غیرجانبدار تفتیش کرائی جائے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم اور وزراء کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی فوری طور پر ختم نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اوقات کار مربوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت وفاقی اداروں میں دفتری اوقات صبح 8 سے شام 4 کی بجائے 9 بجے سے شام 5 بجے تک کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ نمازجمعہ کے بعد سرکاری ملازمین کی حاضری 5 بجے تک یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ اجلاس میں ہر محکمے میں حاضری یقینی بنانے کے لیے بائیومیٹرک اور مانیٹرنگ سسٹم لگانے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاور ڈویژن حکام نے بجلی کی پیداوار اور لوڈشیڈنگ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ مکمل ختم کرنے کے دعوے درست نہیں۔ ڈسکوز کے 39 فیصد فیڈرز پر 2 سے 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ سندھ، کے پی اور بلوچستان میں سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیگی حکومت نے دسمبر 2017 میں 61 فیصد فیڈرز کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کا اعلان کیا، کئی زیرو فیڈرز پر بھی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے چاروں صوبائی گورنرز کا اجلاس بھی آج ویڈیو لنک کے ذریعے طلب کر رکھا ہے، جس میں ملک کی داخلی صورت حال پر بات ہوگی۔ پنجاب کے قائم مقام گورنر پرویز الہی، سندھ کے قائم مقام گورنر سراج درانی، بلوچستان سے محمد خان اچکزئی اور خیبرپختونخوا سے مشتاق غنی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »