Daily Taqat

سپریم کورٹ نے مہنگے پانی فروخت کیس میں ملک بھر کی منرل واٹر کمپنیوں کو نوٹس جاری کردیئے

سپریم کورٹ نے منرل واٹر کمپنیوں کے مہنگے پانی فروخت کے کیس میں تمام کمپنیوں کو نوٹس جاری کردیئے اور ریمارکس دیئے کہ منرل واٹر کمپنی کرائے کی جگہ لے کر مفت کا پانی بیچ رہی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منرل واٹر کمپنیوں کے مہنگے پانی کی فروخت سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ جس میں ایک منرل واٹر کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے ملک کی تمام منرل واٹر کمپنیوں اور صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کردیئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرلز بھی آکر بتائیں کہ کیا نرخ ہونا چاہئیں۔ منرل واٹر کمپنیوں کے فی لیٹر اعشاریہ 2 پیسے کی ادائیگی کوئی ریٹ نہیں، کم از کم نرخ 50 پیسہ یا ایک روپیہ فی لیٹر ہونا چاہیے۔ ماہرین کی کمیٹی بھی بتائے کمپنیوں کیلئے کیا نرخ مناسب ہوگا۔

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ پانی ملک کا سب سے بڑا ریسورس ہے، جو مفت دیا جارہا ہے۔ منرل واٹر کمپنی کرائے کی جگہ لے کر مفت کا پانی بیچ رہی ہے۔ کمپنیوں نے اربوں روپے کمائے، منرل واٹر کمپنیز 25 سال سے کام کر رہی ہیں، پانی کی رقم ادا نہیں کی۔

چیف جسٹس پاکستان نے منرل واٹر کمپنی کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ ہم گھروں پر کشت کر کے پانی بچا رہے ہیں، آپ کرائے کی جگہوں سے پانی نکال کر بیچ رہے ہیں، پورٹ قاسم والی فیکٹری کا بھی دورہ کروں گا کہ پانی کہاں سے لے رہے ہیں۔ جسٹس ثاقب نثار نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کو فرانزک آڈٹ ٹیم بنا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، جب کہ مزید سماعت آئندہ جمعرات تک ملتوی کردی۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »