عمران خان ڈاکوؤں سے مفاہمت کے بجائے احتساب کریں گے، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے، یہ لوگ استعفے نہیں دیں گے اور سینیٹ کے الیکشن میں بھی حصہ لیں گے۔

فریڈم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان بہترین لیڈر ثابت ہوئے جو جدوجہد وہ کررہے ہیں پاکستان کو آگے لے کر جائے گی، وزیراعظم پاکستان کی سیاست اور معیشت کو ٹھیک کریں گے، چوروں اور ڈاکوؤں سے مفاہمت کے بجائے ان کا احتساب کریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے، یہ لوگ استعفےنہیں دیں گے اور سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں بھی حصہ لیں گے، مریم نواز کی نا اندیشی نے پی ڈی ایم اور (ن) لیگ کو اس مقام پر لاکھڑا کیا ہے، اگر مریم دور اندیشی سے کام لیتیں توایسا حال نہ ہوتا، پنجاب میں پیپلز پارٹی کا عمل دخل نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فوج چوروں اور ڈاکوؤں کیلئے نہیں بلکہ پاکستان اور اسلام کیلئے جان دے رہی ہے، بھارت اپنے سرمائے اور ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، لیکن وہ پاکستانی سرحدوں پر نقصان نہیں پہنچا سکتا، پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے اور عوام فوج کے ساتھ ہیں، دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.