کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکولز مزید 10 روز بند رکھنے کا امکان
کراچی: ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں اسکولز کو مزید 10 روز بند رکھا جائے گا۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے آج صوبائی کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوگا، جس میں بہت اہم اور حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی کی جانب سے کاروبار کے اوقات رات 8 بجے تک کرنے کی تجویز پر غور ہوگا، ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ اور تقریبات کھلی جگہ پر کرنے کی اجازت پر بھی بات ہوگی، تاہم صوبے میں اسکولز کو مزید 10 روز بند رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث سندھ میں 31 جولائی سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن نافذ ہے، گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ کی میزبانی میں این سی او سی کا مشترکہ اجلاس کراچی میں ہوا تھا، جس میں این سی او سی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 9 اگست سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔