پی ٹی وی کی کارکردگی کوبہترکرنےکے لئے جامع پلان وضع کرنے کی ہدایت:وزیر اعظم
اسلام آباد:وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پی ٹی وی کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور نشریاتی مواد کے معیار میں اضافے کے لیے جامع پلان وضح کرنے کی ہدایت کر دی۔اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ،سیکرٹری اطلاعات اور سنیئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات نے وزیر اعظم کو ریاستی نشریاتی ادارے پی ٹی وی کی مجموعی کارکردگی بشمول ”مالیاتی حجم” اور ریاستی ٹی وی کے تحت قائم مختلف چینلز کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ پی ٹی وی میں انتظامی اصلاحات متعارف کی جائیں ،ادارے کی تنظیم نو کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے ،پی ٹی وی کے نشریاتی مواد کو مزید معیاری بنایا جائے تا کہ ناظرین کو ریاستی ٹی وی دیکھنے کی ترغیب مل سکے۔اجلاس میں وزیر اعظم نے پی ٹی وی کے مختلف چینلز کے انتظامی و آپریشنل اخراجات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی ہے ۔