Daily Taqat

تحریک انصاف نے وفاقی کابینہ کیلئے متوقع ناموں پر غور شروع کردیا

تحریک انصاف نے وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے والے ارکان اور انہیں دیے جانے والے قلمدان پر غور شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق وفاق میں حکومت بنانے کی صورت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔ جن کی کابینہ 18 سے 20 ارکان پر مشتمل ہوسکتی ہے، جب کہ کابینہ میں شامل وزرا کے لیے پی ٹی آئی نے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے عارف علوی اور شفقت محمود کے نام زیر غور ہیں، جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے زرتاج گل وزیر یا اتحادی جماعتوں کے کسی رہنماء کو بنایا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی وزارت خارجہ کے مضبوط امیدوار ہوسکتے ہیں۔ جب کہ اسد عمر کو وزیر خزانہ بنانے سے متعلق عمران خان پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں۔

تحریک انصاف کا وفاقی وزیر داخلہ کے لیے پرویز خٹک کے نام پر غور کیا جارہا ہے، اسی طرح شیریں مزاری وزارت دفاع اور فواد چوہدری وزارت اطلاعات کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔ عمران خان کی کابینہ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو بھی شامل کرتے ہوئے انہیں وزارت ریلویز کا قلمدان دیے جانے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مخدوم خسرو بختیار، مراد سعید، سینیٹر چوہدری سرور، اعظم سواتی، غلام سرور خان، رمیش کمار، عامر لیاقت حسین اور شہریار آفریدی کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک امین اسلم کو مشیر برائے ماحولیات کا عہدہ دیے جانے کا امکان ہے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »