Daily Taqat

پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے، اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر مشکور ہوں، اختر مینگل

تحریک انصاف نے وفاق میں حکومت سازی کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) سے مدد مانگ لی۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے وفد نے اختر مینگل سے ملاقات کی جس میں انہیں عمران خان سے ملاقات کی دعوت دی گئی۔ پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد اخترمینگل نے کہا کہ اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر تحریک انصاف کے وفد کا مشکور ہوں، پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے ہیں، اور امید ہے کہ تحریک انصاف حکومت میں آنے کے بعد جلد ان مسائل کو حل کرے گی۔ لاپتا افراد کی بازیابی اور سی پیک پر عملدرآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے، لہٰذا ہمیں مثبت جواب ملا تو ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک کے حکمرانوں کے جلے ہوئے ہیں، اس لیے احتیاط کریں گے، ہمارے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، لاپتا افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان کی وزارت اعلیٰ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ کسی کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا جائے اور ہم آنکھیں بند کر کے حمایت کریں، جے یو آئی اتحادی ہے، حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ مل کر کرینگے۔ تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے لیڈر ہوں گے جو بلوچستان کے مسائل حل کرینگے۔ یار محمد رند نے کہا کہ اختر مینگل کے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھیں گے، یقین ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد اختر مینگل کی جماعت اور ہم ساتھ چلیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کو وفاق میں حکومت بنانے کے لیے 137 نشستیں درکار ہیں، جس کے لیے نمبر گیم جاری ہے۔ تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں 116 نشستیں ہیں، جب کہ اس کی اتحادی جماعت (ق) لیگ کی اس وقت 4 نشستیں ہیں۔ اسی طرح پرویز الٰہی کے اسپیکر پنجاب اسمبلی بننے کی صورت میں (ق) لیگ کو قومی اسمبلی کی دو نشستیں چھوڑنا پڑیں گی۔ جب کہ تحریک انصاف کے چیئرمین بھی قومی اسمبلی کی 4 نشستیں چھوڑیں گے۔ جس کے باعث پی ٹی آئی کو نمبر گیم پورا کرنے کے لیے آزاد امیدواروں سمیت دیگر جماعتوں کی حمایت درکار ہے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »