Daily Taqat

پرائیویٹ سکول مالکان اور پنجاب حکومت کے درمیان معاملات طے پاگئے

پنجاب حکومت اور پرائیویٹ سکول مالکان کے درمیان گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں۔ صوبہ بھر کے تمام سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں اب 17 مئی سے 10 اگست تک ہوں گی۔ پنجاب بھر کے سرکاری ونجی سکولز 11 اگست کو دوبارہ کھلیں گے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ دوسری طرف پرائیویٹ سکول فیڈریشن نے چھٹیوں کے حکومتی فیصلے کی تائید کر دی۔ پرائیویٹ سکولوں میں جاری امتحانات کے ختم ہونے کے فوری بعد چھٹیاں کرنے کا اعلان کر دیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات کے حوالے سے پنجاب حکومت اور پرائیویٹ سکول مالکان کے درمیان تنازعہ کا خاتمہ ہو گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے گزشتہ دنوں پنجاب کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں موسم گرما کی چھٹیاں 17 مئی سے 10 جون تک کرنے کے اعلان کے بعد پرائیویٹ سکولوں کی ایسوسی ایشنز نے حکومتی فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کے بعد گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے پنجاب حکومت اور پرائیویٹ سکول مالکان کے درمیان ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا۔ اور انہوں نے پنجاب حکومت کے احکامات کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے چھٹیاں 8 جون سے کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے گزشتہ روز پنجاب کے تمام سرکاری اور پرائیویت سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں 17 مئی کو کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ا س حوالے سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے اے پی پی کوبتایا کہ رمضان المبارک کی آمد اور گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے تمام پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات 17 مئی سے 10 اگست کو ہوں گی اور 11 اگست کو دوبارہ سکول کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پرائیویٹ سکولوں میں اس وقت بچوں کے امتحانات چل رہے ہیں اس لئے حکومت ان پرائیویت سکولوں کو پریشان نہیں کرے گے اورجن پرائیویٹ سکولوں میں امتحانات نہیں ہو رہے ان سکولوں میں نوٹیفکیشن کے مطابق ہی چھٹیوں ہوں گی۔

دوسری طرف آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے اے پی پی کوبتایا کہ ہماری سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک سے ملاقات ہوئی ہے اور باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہم پنجاب حکومت کے فیصلے پر عمل کریں گے۔ لیکن ہمارے جن تعلیمی اداروں میں اس وقت بچوں کے امتحانات چل رہے ہیں وہاں فی الحال چھٹیاں نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل سیکرٹری سکول ایجوکیشن سے مذاکرات میں متفقہ طور پر 8 جون کو چھٹیاں کرنے کا مشترکہ فیصلہ ہوا تھا۔ لیکن اب چھٹیوں کے حوالے سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کے ساتھ مشاورت کے بعد تمام امور طے پا گئے ہیں۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »