آئندہ الیکشن میں وزیر اعظم شہباز شریف ہوں گے ، سابق وزیراعظم نواز شریف
لاہور: نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف نے ان دنوں اپنی پوری توجہ تحریک عدل پر مرکوز کی ہوئی ہے جس کیلئے تھنک ٹینک بنایا جا رہا ہے ۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف سے زیادہ موزوں امیدوار کوئی نہیں ہے۔
نواز شریف کی زیر صدارت لاہور میں غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا جس میں عرفان صدیقی ، پرویز رشیداور دانیال عزیز سمیت دیگر شریک ہوں گے۔ اجلاس کے دوران نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور شہباز شریف کے درمیان کوئی کنفیوژن نہیں ہے، شہباز شریف نے میری رائے سے کبھی اختلاف نہیں کیا اور نہ ہی کسی بات سے کبھی انحراف کیا ہے، شہباز شریف سے میرا پیار کا رشتہ ہے ، آئندہ الیکشن کے بعد وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف سے بہتر کوئی امیدوار نہیں ہے کیونکہ ان کا انتظامی امور کا تجربہ بھی ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ساری توجہ تحریک عدل پر مرکوز کی ہوئی ہے، تحریک عدل میں سڑکوں پر احتجاج، لانگ مارچ یا دھرنے نہیں ہوں گے بلکہ یہ الیکشن 2018 کی مہم کا حصہ ہوں گے اور لوگوں تک صرف آگاہی پہنچائی جائے گی ۔تحریک عدل کیلئے تھنک ٹینک بنایا جا رہا ہے جس میں سیاسی رہنماﺅں کے علاوہ وکلا بھی شامل ہوں گے۔ یہ تھنک ٹینک تحریک عدل کے خدو خال طے کرے گا اور حکومت کے کام میں عدلیہ کی مداخلت روکنے کی تجاویز دے گا۔