Daily Taqat

وفاقی کابینہ نے کالعدم ٹی ایل پی کی درخواست پر کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کالعدم جماعت تحریک لبیک پاکستان کی درخواست پر کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے اور ملک میں معاشی نمو میں بہتری پر وزیراعظم کو ڈیسک بجا کر مبارکباد دی گئی۔ اجلاس میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کالعدم قرار دینے کے خلاف درخواست پر وزارت داخلہ کی ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو کالعدم جماعت کی درخواست کا آئینی طور پر جائزہ لے گی۔

علاوہ ازیں کابینہ نے پی ٹی وی کے نئے بورڈ اور کیپٹن (ر) منیر اعظم کی بطور چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ تعیناتی کی منظوری بھی دی، جب کہ سی پیک سے متعلقہ چینی شہریوں کیلئے خصوصی ویزہ پیکیج اور کورونا سے متعلق سامان بوسنیا بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس کے آغاز پر کابینہ ارکان نے معاشی شرح نمو میں بہتری پر ڈیسک بجا کر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا وزیراعظم نے کورونا کے دوران کمزور طبقے کیلئے جو اقدامات کیے اس سے ترسیلات زر، برآمدات ، صنعتی ترقی اور زراعت کے شعبے میں بہتری آئی۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ معاشی شرح نمو میں بہتری کی وجہ وزیراعظم کے کورونا کے دوران کمزور طبقے کیلئے کیے گئے اقدامات ہیں اور معاشی اعشاریے مسلسل مثبت ہو رہے ہیں جس کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔

اسد عمر نے کہا وزیراعظم نے ذاتی طور پر کنسٹرکشن کے کام کو لیڈ کیا، پاکستان میں چار میں سے تین فصلوں کی تاریخی پیداوار ہوئی۔ احساس پروگرام کے تحت دیئے گئے 200 ارب روپے اور بیرون ملک پاکستانی ریکارڈ ترسیلات زر سے معیشت میں تیزی آئی۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »