پرویز مشرف نواز شریف کی سب سے بڑی طاقت ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر

اسلام آباد :  سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ آج پرویز مشرف نواز شریف کی سب سے بڑی طاقت ہیں کیونکہ نیب ریڈ وارنٹ کے ذریعے اسحاق ڈار کو لندن سے واپس لے آئی تو لوگ پرویز مشرف کے بارے میں پوچھیں گے جس کے بارے میں پاکستانی عدالتیں خاموش ہیں۔

اگر ایسا ہوا تو پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف جلسے کرتی رہ جائیں گی جبکہ نواز شریف کا موقف اتنا مشہور ہو جائے گا کہ جو بھی حکومت 2018ءمیں آئے گی وہ حکومت نہیں کر سکے گی اور اس کا کریڈٹ پرویز مشرف کو جائے گا۔

حامد میر سے  جب سوال پوچھا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو اہل اور جہانگیر ترین کو نااہل قرار دینے سے متعلق فیصلے کا سیاسی فائدہ کسے ہو گا۔
حامد میر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”اس فیصلے سے پی ٹی آئی کو بہت نقصان ہوا ہے کیونکہ جہانگیر ترین لودھراں سے بہت بڑا ضمنی الیکشن جیت کر آئے تھے اور آج بھی عمران خان نے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان اپنے حق میں آنے والے فیصلے کو تو بہت اچھا قرار دے رہے ہیں مگر اسی سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کے خلاف جو فیصلہ دیا اس پر انہیں تحفظات ہیں، تو یہ بہت بڑا تضاد ہے۔
ایک بات ایمانداری کیساتھ ہمیں کرنی بھی چاہئے، سوچنی بھی چاہئے، کہنی بھی چاہئے اور اس پر سب کو غور بھی کرنا چاہئے۔ ٹھیک ہے کہ سپریم کورٹ نے ایک فیصلہ شہباز شریف کے حق میں دیا اور دوسرا عمران خان کے حق میں دیا اور اس طرح معاملہ بیلنس ہو گیا، لیکن آنے والے دنوں میں جو پیش رفت ہونے والی ہے اور اس میں عدالتوں کا جو کردار ہو گا، وہ پوری پاکستانی قوم بڑے غور سے دیکھ رہی ہے۔
ایک تو یہ کہا جا رہا ہے کہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں اور انہیں گھسیٹ کر لندن سے پاکستان واپس لایا جائے۔ آپ انہیں بالکل لے کر آئیں اور اگر انہوں نے قانونی کی خلاف ورزی کی ہے تو پاکستان لائیں، لیکن آپ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے موقف کا کیا کریں گے، آپ انہیں روک نہیں سکیں گے۔
اسحاق ڈار کے خلاف ریڈ وارنٹ لانے ہیں، لے آئیں، لیکن ایک اور بھی آدمی ہے جس کا نام پرویز مشرف ہے اور عدالتیں ان کے بارے میں خاموش ہیں۔ پاکستان کے طاقتور لوگ جو کہتے ہیں کہ پاکستان کی عدالتوں نے کیسا زبردست فیصلہ کیا ہے اور نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ اب نیب ریڈ وارنٹ کے ذریعے اسحاق ڈار کو واپس لائے گی جیسا کہ عزیر بلوچ کو بھی لایا گیا تو لوگ پوچھیں گے کہ پرویز مشرف جو قتل کے مقدمات میں، آئین سے غداری کے مقدمے میں مطلوب ہے اور خود اعتراف کر چکا ہے کہ غیر ملکی طاقتوں سے پیسے لے کر لندن اور دبئی میں فلیٹ خریدے ہیں، اس کا کسی نے احتساب نہیں کرنا۔

میں آپ کو یہ بتا رہا ہوں کہ عمران خان اور پیپلز پارٹی جلسے کرتے رہ جائیں گے اور نواز شریف کا موقف اتنی شہرت حاصل کر لے گا، کہ بھلے ہی انتخابات میں انہیں فائدہ ہو نہ ہو، لیکن جو بھی حکومت 2018ءمیں آئے گی، وہ حکومت نہیں کر سکے گی۔ اور اس کا کریڈٹ جائے گا پرویز مشرف کو، آج پرویز مشرف نواز شریف کی سب سے بڑی طاقت ہے۔“


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.