عوام نے بتادیا کہ یہ ججز کا فیصلہ نہیں مانتے، نواز شریف

جڑانوالہ : نواز شریف ایک بار پھر عدلیہ پر کڑی تنقید کردی، جڑانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیروں کا مقابلہ کسی سے نہیں، عوام نے فیصلہ دے دیا ہے یہ ججز کا فیصلہ نہیں مانتے، تحریک عدل اب رکنے والی نہیں، سستے، فوری اور کھرے انصاف کو یقینی بنائیں گے، 5 سال کیا پوری زندگی کیلئے بھی نااہل کردیں تو عوام کا نواز شریف سے رشتہ نہیں ٹوٹے گا۔

مسلم لیگ نواز نے جڑانوالہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا، عدلیہ سے نااہل قرار دیئے گئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطاب کے دوران مخالفین پر کڑی تنقید کی، بولے کہ یہ لاہور والا جلسہ نہیں، وہاں خالی کرسیوں کا جم غفیر تھا، شیروں کا مقابلہ کسی سے نہیں، جڑانوالہ نے فیصلہ دے دیا ہے یہ ججز کا فیصلہ نہیں مانتے، سستے، فوری اور کھرے انصاف کو یقینی بنائیں گے، مجھے عوام نے وزیراعظم بنایا تو کیا کوئی اور مجھے نکال سکتا ہے، ہم نے قانون بنایا تو یہ لوگ کیسے ختم کر سکتے ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے 5 سال کیلئے کیا پوری زندگی کیلئے بھی نااہل کردیں تو عوام کے ساتھ رشتہ نہیں ٹوٹے گا، عوام نے مجھے منتخب کیا تو کیا کوئی مجھے گھر بھیج سکتا ہے، یہ معاملہ اب ایسے نہیں چلے گا اور اپنی انتہاء تک پہنچے گا، عوام جو فیصلہ کریں گے وہ منظور ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف جب بھی وعدہ کرتا ہے تو پورا کرتا ہے، میں نے وعدہ کیا تھا کہ 5 سال میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے، 4 سال بعد ہی مجھے نکال دیا گیا، پاکستان ایشین ٹائیگر بن رہا تھا کہ پرویز مشرف نے مارشل لاء لگا کر ستیا ناس کردیا، پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا تھا کہ مجھے عدالتی فیصلے کے ذریعے گھر بھیج دیا گیا۔

نواز شریف جلسے کے دوران اپنی ہی حکومت پر تنقید بھی کرگئے، بولے کہ میرے دور میں ڈرون حملے بند ہوگئے تھے، باراک اوباما سے کہہ دیا تھا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، کوئی ڈرون حملہ برداشت نہیں کریں گے لیکن آج پھر ملک میں افرا تفری پھیل رہی ہے اور ملک میں ڈرون حملے ہورہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ تحریک عدل اب رکنے والی نہیں، میٹرو کو جنگلا بس کہنے والوں کو آج پشاور میں میٹرو بنانے کا خیال آگیا، جس کو صادق و امین قرار دیا گیا عوام کو اس کے قصے معلوم ہیں، جو لوگ خود کو نہیں سنبھال سکتے وہ پاکستانی عوام کی خدمت کیسے کریں گے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.