Daily Taqat

پاک روس تعلقات درست سمت میں گامزن ہیں، روسی سفیر

پاکستان میں روس کے سفیرالیکسی دیدوف نے کہا ہے کہ پاک روس تعلقات درست سمت میں گامزن ہیں۔ ہفتہ کو روس کے قومی دن اور پاک روس سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پراستقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات روس کے سفیرالیکسی دیدوف نے کہا کہ پاک روس تعلقات درست سمت میں گامزن ہیں۔ جبکہ ملٹری ٹو ملٹری، دفاع، اقتصادی اور تجارتی روابط تیزی سے مستحکم ہورہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں باہمی تعاون میں بھی مزیداضافہ ہوگا۔ تقریب میں وزیردفاع وخارجہ خرم دستگیر خان اس موقع پرمہمان خصوصی تھے۔ روسی سفیر نے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کیساتھ ملٹری ٹوملٹری، دفاع اورتجارت سمیت دیگرشعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعلقات کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہیں، تجارتی حجم یقیناً دستیاب مواقع سے ہم آہنگ نہیں، زمینی فاصلے اورسوویت دورسے متعلقہ مالیاتی اقدامات سمیت بعض عوامل نے ہمارے تعلقات کو متاثر کیا۔ تاہم اقتصادی شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ الیکسی دیدوف نے کہا کہ روسی کاروباری حلقے توانائی، ریلوے، ٹیلی مواصلات اورآئی ٹی کے شعبوں میں باہمی مفادپرمبنی منصوبوں پرعمل درآمدکیلیے تیارہیں۔ روس نے آف شورگیس پائپ لائن، تیل صاف کرنے کے کارخانوں کے قیام، خام تیل اورتیل کی مصنوعات کی سپلائی، وسائل کی تلاش، اسٹیل انڈسٹری، ایئر ونیوی گیشن سسٹم، ڈیجیٹل ٹی وی، کے فروغ، ایئر کرافٹس، ریل کار، ٹرکوں، میڈیکل اورزرعی آلات، پانی اور صفائی کی سہولتوں، جدیدآئی ٹی اورفارماسیوٹیکل مصنوعات کی شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلیے متعدد تجاویز دی ہیں۔ روسی سفیر نے کہا کہ سرد جنگ کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں اتارچڑھاؤ آئے، تاہم 90 کی دہائی میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد تعلقات کے نئے دور کاآغاز ہوا، گزشتہ چند سال کے دوران پاک روس دوطرفہ تجارت 550 ملین ڈالر سالانہ سے بڑھ گئی، تاہم اس میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »