Daily Taqat

نومنتخب اراکین اسمبلی نے انتخابی اخراجات کے گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع کرادیئے

الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2018 میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں نے انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کرادیئے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام امیدواروں نے انتخابی اخراجات کے اعداد و شمار مقررہ حد کے اندر دیئے، جنرل نشستوں پر کامیاب امیدواروں نے 10 سے 36 لاکھ روپے انتخابی اخراجات ظاہر کیے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے لیے 40 لاکھ اور صوبائی اسمبلی کے لیے 20 لاکھ روپے اخراجات کی اجازت دی گئی۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق شہباز شریف نے انتخابی مہم کے دوران 19 لاکھ 34 ہزار 747 روپے اور حمزہ شہباز نے ساڑھے 17 لاکھ روپے خرچ کیے۔ پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے انتخابی اخراجات کی مد میں 38 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ کیے، ملک محمد ریاض نے ساڑھے 11 لاکھ، حماد اظہر نے 36 لاکھ 53 ہزار، جب کہ کرامت علی کھوکھر نے ساڑھے 34 لاکھ سے زائد خرچ کیے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کے متعدد امیدواروں کا کہنا ہے کہ ان کا انتخابات میں ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نومنتخب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کامیاب امیدوار اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کروانے کے پابند ہوتے ہیں اور انتخابات سے پہلے امیدواروں کو اخراجات کے لیے الگ بینک اکاؤنٹ کھلوانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ دوسری جانب کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا ہوگا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 7 اگست کو تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران کی کُل تعداد واضح ہوجائے گی اور 8 اگست کو مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 9 اگست تک تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری ہوجائیں گے۔ جس کے بعد اسمبلیوں کے اجلاس بلائے جائیں گے اور قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں اراکین حلف اٹھانے کے بعد اسپیکر اور پھر قائد ایوان (وزیراعظم) کا چناؤ کریں گے۔ یاد رہے کہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 116، مسلم لیگ (ن) 64، پیپلز پارٹی 43 اور ایم ایم اے 12 نشستوں کے ساتھ نمایاں ہیں، جب کہ 13 آزاد امیدوار بھی ہیں جو حکومت سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »