نواز شریف کا جڑانوالہ کا جلسہ عام سابق تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا:سینیٹر پرویز رشید

فیصل آباد: سابق وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت عوام کے دلوں سےنواز شریف کو نکال نہیں سکتی،مسلم لیگ ن  کا جڑانوالہ کا جلسہ عام تمام سابقہ جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا، نواز شریف نہ صرف نظام عدل کی بحالی اور ووٹ کے تقدس کی خاطر جدوجہد میں مشغول ہیں بلکہ وہ ملک میں موجود غیر جمہوری قوتوں کے خلاف بھی برسرپیکار ہیں

جناح سٹیڈیم جڑانوالہ میں جلسہ کی تیاری کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ جلسہ سے ایک دن پہلے میں نے جناح سٹیڈیم جڑانوالہ میں اتنے لوگ دیکھے ہیں جتنے ملک کی تین بڑی پارٹیاں مل کر بھی مال روڈ پر اکٹھے نہ کرسکیں،یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مسلم لیگ ن کا جلسہ سابق تمام جلسوں سے بڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے لوگ اپنے مقبول لیڈر نواز شریف سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور وہ جلسہ میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے یہ ثابت کردیں گے کہ دنیا کی کوئی طاقت ان کے دلوں سے محمدنواز شریف کو نکال نہیں سکتی۔انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف نے جی ٹی روڈ پر سفر شروع کیا تھا تو یہ اندازہ لگایا جارہا تھا کہ شاید اس سے زیادہ لوگ نواز شریف کو پھر کبھی نہیں ملیں گے مگر یہ سب اندازے اس وقت غلط ثابت ہوگئے جب لوگ اس سے بھی زیادہ تعداد میں ایبٹ آباد، کوٹ مومن، ہری پور اور کوئٹہ کے جلسوں میں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ کے جلسہ میں لوگ ایک نئے جذبے کے ساتھ شامل ہوں گے کیونکہ اب انہیں معلوم ہوچکا ہے کہ نواز شریف نہ صرف نظام عدل کی بحالی اور ووٹ کے تقدس کی خاطر جدوجہد میں مشغول ہیں بلکہ وہ ملک میں موجود غیر جمہوری قوتوں کے خلاف بھی برسرپیکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے برسراقتدار آتے ہی مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے مثالی اقدامات کیے اور آج انہی اقدامات کی بدولت ملک لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات حاصل کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے نہ صرف ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے بلکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ کے جلسہ عام میں نواز شریف اس حقیقی سیاست اور جمہوریت کے فروغ کے متعلق خطاب کریں گے جس کی پاکستان کو حقیقی معنوں میں ضرورت ہے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.