Daily Taqat

اسپیکراسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو طلب کرلیا

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو طلب کیا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح کردیا ہے کہ کل پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپنا اجلاس شیڈول کے مطابق منعقد کرینگے۔تفصیلات کے مطابق اسپیکراسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس سترہ اکتوبر کو طلب کرلیا ہے، مسلم لیگ نون نے فوری اجلاس طلب کرنے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی جبکہ اسپیکر نےفوری اجلاس طلب کرنےکےبجائے سترہ اکتوبرکواجلاس بلایا ہے۔دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے باوجود اپنا احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کل شیڈول کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی اجلاس منعقد کرے گی،جس کی صدارت سابق اسپیکر قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت کرینگے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی اسمبلی اجلاس جلد بلانے کی درخواست کی تھی مگراسپیکرنے اجلاس جلد بلانے کی درخواست منظورنہیں کی اس لئے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے باوجوداپوزیشن نے احتجاج جاری رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کا علامتی اجلاس طلب پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک پر طلب کر رکھا ہے،جس میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کی گرفتاری پر بحث کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق احتجاجی اجلاس قومی اسمبلی کے باہر سہ پہر تین بجے منعقد ہوگا جس کی صدارت سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاجی اجلاس قومی اسمبلی کی سیڑھیوں پر منعقد ہوگا۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے لیگی ارکان کو آج صبح پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کی ہدایت کردی ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف ن لیگ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے لیگی ارکان کوآج صبح پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کی ہدایت کر دی ہے۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے اراکین اسمبلی کا احتجاجی اجلاس آج تین بجے پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پرطلب کیا ہے جس کی صدارت سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کریں گے۔احتجاجی اجلاس میں لیگی ارکان اسمبلی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتار سراسر انتقامی کارروائی ہے جس کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔سابق اسپیکر ایاز صادق نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سے رابطہ کرکے انہیں پارلیمنٹ کے باہر بلائے گئے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون پر ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق اسپیکر نے خورشید شاہ سے کہا اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری لمحہ فکریہ ہے،احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں،ایسے میں اپوزیشن کو متحد ہوکر لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔ن لیگی رہنما نے خورشید شاہ کو دعوت دی کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کی جانب سے بلائے گئے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کرے جس پر خورشید شاہ نے کہاکہ پارٹی قیادت سے مشاورت کرکے جواب دیں گے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »