Daily Taqat

سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ۔

لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ذوالفقار کھوسہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار کھوسہ کا کہنا تھا کہ اب مسلم لیگ صرف ن لیگ رہ گئی ہےاور میں نے مسلم لیگ کو عروج پر چھوڑا ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جولائی میں پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین الیکشن ہونے جارہا ہےجبکہ 2013 میں صاف و شفاف الیکشن نہیں ہوئےتاہم نگراں حکومتوں کا مقصد شفاف الیکشن کا انعقاد ہے اور ملک میں صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاروق بندیال مسلم لیگ ن میں کئی سال سے تھے لیکن جب وہ ہماری پارٹی میں آئے تو شور مچ گیا تاہم سوشل میڈیا میں ان کا ماضی اور ریکارڈ سامنے آنے کے بعد ہم نے انہیں فوراً پارٹی سے نکال دیا ۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی اور جہانگیر ترین نے ذوالفقار کھوسہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جبکہ ذوالفقار کھوسہ کے صاحبزادے اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ کی بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ ذوالفقار کھوسہ کے ن لیگی قیادت سے طویل عرصے سے اختلافات چلے آرہے تھے اور انہوں نے شریف برادران مخالف مہم شروع کر رکھی تھی۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »