اہم خبرِیں

بھارت اپنے دفاع پر بے پناہ وسائل خرچ کررہا ہے‘اکرام سہگل

کراچی: کراچی کونسل آف فارن افیئرز(کے سی ایف آر) کے زیر اہتمام لداخ میں بھارت چین کشیدگی کے کشمیر پر اثرات کے موضوع پر کے سی ایف آر کے چیئرمین اکرام سہگل کی زیر صدارت ایک ویبینار کا اہتمام ہوا جس میں آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان، سینیٹر مشاہد حسین سید اور سفیر مصطفی کمال قاضی نے اظہار خیال کیا جب کہ ویبنار کی میزبانی ڈاکٹر ہما بقائی نے کی۔

اس موقعے پر سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے بعد بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جو اپنی سرحدوں کو پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر داخلہ امت شا کے 6 اکتوبر 2019 کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر سے متعلق جارحانہ عزائم رکھتا ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارتی سول سوسائٹی، قانون ساز اداروں کے ارکان اورسماجی و سیاسی گروہوں سے روابط بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں امریکا کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے بھی بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت جنوبی ایشیا میں اپنے سبھی پڑوسیوں سے آمادہ جنگ ہے اور خود اپنے ملک میں بسنے والے مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت بھارت کے نوآبادیاتی ہتھکنڈوں کے پیچھے ہندوتوا کا نظریہ ہے۔

ایمبیسڈر مصطفی کمال نے کہا کہ ایل اے سی کے حوالے سے بھارت کئی خوش فہمیوں کا شکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت امریکا کی انڈو پیسفک حکمت کا حص ہے اور ٹرمپ انتظامیہ اس کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم مختص کی ہے جس کا مقصد چین کے رسوخ کو محدود کیا ہے۔
چیئرمین کے سی ایف آر اکرام سہگل کا کہنا تھا کہ بھارت میں بالی ووڈ کا ایسا خبط سوار ہے کہ وہ ہر معاملے کو اسی نظر سے دیکھنے کے عادی ہوچکے ہیں۔ بھارت کی معیشت اچھی ہے اور وہ اپنے دفاع پر بے پناہ وسائل خرچ کررہا ہے تاہم جس طرح بھارتی فلموں میں اپنی افواج کو نڈر اور بہادر دکھایا جاتا ہے حقیقت اس کے برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیلوان وادی میں چین سے مقابلے کے دوران بھارتی فوج کی صلاحیتوں کی قلعی کھل گئی۔ انہوں کشمیری بچے کی تصویر کا حوالہ بھی دیا جس میں وہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل ہونے والے اپنے نانا کے سینے پر بیٹھا رورہا ہے، انہوں نے کہا کہ نسلی منافرت اور مظالم کے خلاف عالمی سطح پر ایک فضا بن چکی ہے، ان حالات میں کشمیر لائیوز آلسو میٹر کا نعرہ بلند کرنے کی ضرورت ہے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.