بانی پاکستان کا 142 واں یوم پیدائش، مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب

کراچی: بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 142 واں یوم پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا، جس میں ملک کی ترقی اور خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔قائداعظم محمد علی جناحؒ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کا سلسلہ بھی جاری تھا۔قائداعظم محمد علی جناح کے 142 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔پی ایم اےکاکول کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سبنھال لیے۔اس سے قبل پاک فضائیہ کےکیڈٹس مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دےرہےتھے۔مہمان خصوصی میجر جنرل اختر نواز ستی نے پریڈ کامعائنہ کیا، مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

بانیان پاکستان کے سبق کو فراموش کرنا مسائل کی وجہ: صدر مملکت

صدر پاکستان ممنون حسین نے قائداعظم کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ بابائے قوم کوخراج عقدت پیش کرنےکے لیے ان کے افکار پر سچے دل سےعمل کرنا ہوگا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قائداعظم نےقوم کے لیے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط جیسے رہنما اصول وضع کیے، لیکن بانیان پاکستان کے سبق کو فراموش کرنےکی وجہ سےمسائل پیدا ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیےکسی قربانی سےگریز نہیں کیا جانا چاہیے۔

آج کا دن عظیم قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن: وزیراعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بانی پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے عظیم قائد کے اصولوں اور عظیم مقاصد کا جائزہ لینا ہوگا۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کادن اپنےعظیم قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے، ہمیں ماضی کی کوتاہیوں سے سیکھ کر منزل کے حصول کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی اور قائد کے افکار کی روشنی میں مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرناہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے ٹھوس دلائل کی بنیاد پر مسلمانوں کے حقوق اور تشخص کا مقدمہ لڑا، اب دیکھنا ہوگا کہ ہم قائد کے اصولوں اور مقاصد کے فروغ میں کس حدتک کامیاب رہے۔ان کا کہنا تھا کہ محنت، سچائی، جدوجہد اور جمہوری اقدار کی پاسداری قائد کے زریں اصول ہیں اور قائد کے اصولوں کی تقلیدکرتے ہوئے ہم ملک کو درپیش مسائل پر قابو پاسکتے ہیں۔

پیپلز پارٹی قیام پاکستان کے اصولوں کا تحفظ کرے گی: زرداری

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بانیوں نے ایک ترقی پسند ریاست بنانے کا خواب دیکھا تھا اور پیپلزپارٹی قیام پاکستان کے اصولوں کا تحفظ کرے گی،سابق صدر کا کہنا تھا کہ آئیڈیالوجی اور مذہب کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، لیکن ملک کو مذہب یا کسی بھی نام پر چند لوگوں کے حوالے نہیں کرسکتے۔

 پیپلز پارٹی بابائے قوم کے مشن و ویژن پر پہرہ دے گی: بلاول

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 141 ویں سالگرہ پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح بابائے قوم کے مشن و ویژن پر پہرہ دے گی اور پاکستان کو ایک مساوات پر مبنی جمہوری و ترقی پسند ریاست بنائے گی۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے پاکستان کے متعلق ویژن کو آمریتوں اور انتہاپسندی نے شدید نقصان پہنچایا، ان عناصر نے قائد کے نظریے کے برعکس معاشرے کو کلاشنکوف کلچر میں جکڑا اور پاکستان کو نسلی نفاق سے دوچار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کو ایک رول ماڈل اور جمہوری مسلم ریاست بنانے کے اجداد کے مشن پر قائم ہے اور ہم قائد کی سالگرہ پر عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ان کے نظریات سے ہم آہنگ کریں گے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.