جعلی روبکار پر رہا ہونے والے مجرم کو عدالت نے 15سال کے لئے جیل بھجوا دیا
لاہور:سپیشل جج اینٹی کرپشن محمد قاسم نے جعلی روبکار پر رہائی پانے والے مجرم شمریز اختر کو 15سال قید اور 6لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا ہے ۔سپیشل جج اینٹی کرپشن محمد قاسم کی عدالت میں اسلام پورہ پولیس نے ملزم شمریز اختر کے خلاف سیشن کورٹ کے جج کا جعلی فیصلہ تیار کرکے سیشن کورٹ سے ڈکیتی کیس میں رہائی کی روبکار جیل بھجوانے اور رہائی پانے کے الزام میں شمریز اختر کا چالان پیش کررکھا تھا۔ عدالت میں دوران سماعت بتایا گیا کہ ملزم نے ایڈیشنل سیشن جج کا جعلی فیصلہ تیار کرایا ،بعد میں اسی فیصلے کی روشنی میں سیشن کورٹ کے اہلکاروں سے مل کر اپنی روبکار جیل بھجوائی اور وہاں سے رہائی حاصل کرلی۔علم ہونے پر اسلام پورہ پولیس نے تفتیش کی اور ملزم کو دوبارہ گرفتار کرکے جیل بھجوادیا۔ عدالت میں چالان آنے پر اینٹی کرپشن عدالت نے باقاعدگی سے سماعت کی ، وکلاءوفریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مذکورہ بالا سزاکا حکم سنا دیا ہے ۔