ای او بی آئی پنشن کیس، سیکرٹری خزانہ کی استدعا مسترد، عدالت کا پنشنرز کو 27 مارچ تک ادائیگی کا حکم
ای او بی آئی پنشن کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سیکرٹری خزانہ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پنشنرز کو 27مارچ تک 2 ارب 40کروڑ روپے ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ رقم ادانہ ہوئی توآپ خود تشریف لائیں گے،امید ہے آپ سمجھ گئے ہوں گے جو میں کہنا چاہتا ہوں،معزز عدالت کے جج کا کہنا تھا کہ عدالت میں یقین دہانی کا مطلب عدالتی حکم ہوتاہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ای او بی آئی پنشن کیس کی سماعت کی،حکومت کی جانب سے سیکرٹری خزانہ عارف خان عدالت میں پیش ہوئے اور پنشنرزکی رقم دینے کی یقین دہانی کروائی۔ان کا کہنا تھا کہ یکمشت ساری رقم ادا کرنا ممکن نہیں،3 اقساط میں رقم کی ادائیگی کرسکتے ہیں،سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال میں 833ملین اداکرسکتے ہیں۔
جسٹس شیخ عظمت سعید نے سیکرٹری خزانہ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پنشنرز کو 27مارچ تک 2 ارب 40کروڑ روپے اداکرنے کاحکم دے دیا اور کیس کی سماعت27 مارچ تک ملتوی کردی۔