Daily Taqat

بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجلی کی قیمت ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ بڑھانے سے متعلق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور وزیر توانائی عمر ایوب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے ایک کروڑ 76 لاکھ گھریلو کنکشن پر کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ 300 سے 700 یونٹ والوں کے لیے 10 فیصد اور اس سے اوپر والوں کے لیے 15 فیصد اضافہ کیا گیا۔ اسد عمر کے مطابق 5 کے وی سے کم بجلی استعمال کرنے والے کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ایسے صارفین کی تعداد 95 فیصد ہے۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ اسکولوں اور اسپتالوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، جبکہ 5 کے وی سے کم بجلی استعمال کرنے والے کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا مزید کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا یہ آخری پروگرام ہوگا۔

 بجلی چوروں کے خلاف کل سے مہم کا آغاز

پریس کانفرنس کے دوران وزیر توانائی عمر ایوب نے بتایا کہ پچھلی حکومت ملک کو تباہ چھوڑ کر گئی ہے۔ لیکن ہم پاور سیکٹر کے خسارے کو ختم کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے بجلی چوروں کےخلاف کل سے مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

عمر ایوب کے مطابق ڈھائی سو ارب سے 280 روپے سالانہ کم بل اور بجلی چوری کی مد میں چلا جاتا ہے۔ جس کا خمیازہ پاکستان کے عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم کے بی سی کیبلز لگائیں گے، جن پر کنڈا نہیں چلتا۔ اس کے علاوہ اے ایم آئی میٹر بھی لگائے جائیں گے، جو کہ ٹرانسفارمر پر بھی نصب ہوگا، جو بجلی چوری کی نشاندہی کرے گا۔

عمر ایوب کے مطابق ان اقدامات کا آغاز اسلام آباد اور لاہور سے کیا جارہا ہے۔ وزیر توانائی نے کہا کہ بار بار ہم کہتے ہیں کہ سابقہ حکومت نے پلاننگ نہیں کی، انہوں نے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لائنوں کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور بجلی چوری کے معاملات کو دیکھ رہے ہیں، ہمارے پاس ایک جامع منصوبہ ہے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »