بھارت نہیں چاہتا پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پی ڈیم ایم کی راولپنڈی آنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، اور اگر وہ پنڈی آئے تو چائے پانی پلائیں گے۔

نیوز کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ ملکی مجموعی صورتحال پر سب کو آگاہی دینا چاہتے ہیں، گزشتہ دس سال ہر لحاظ سے مشکل ترین سال تھے۔ رواں سال کورونا، معیشت اور سیکیورٹی مسائل کا سامنا رہا اور اس کے ساتھ ہمیں بھارتی اشتعال انگیزیوں کا سامنا ہے، تمام چینلجز کے باوجود قوم نے متحد ہوکر ان مشکلات کا سامنا کیا۔

میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت نہیں چاہتا پاکستان پرامن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو، گزشتہ دہائی سے ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیاں جاری تھیں، ہم نے بھارت کے مذموم عزائم کی نشاندہی کی اورمقابلہ کیا، دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن کیے گئے، خطرات اندرونی ہوں یا بیرونی ہمیشہ حقائق کے ذریعے نشاندہی کی اور مقابلہ کیا، دہشت گردی کیخلاف آپریشن سے سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی، اس وقت پاکستان میں کوئی بھی منظم دہشت گرد تنظیم موجود نہیں ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آپریشنز کے دوران 72 ہزار سے زائد اسلحہ اور 400 ٹن سے زائد بارود برآمد کیاگیا، 18 ہزار سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، خودکش حملوں میں 97 فیصد واضح کمی آئی، جس کے بعد دہشت گردی کے بڑے واقعات میں 45 فیصد کمی آئی، 2013 میں دہشت گردی کا عدد 213 تھا جو اس سال 98 ہے، کراچی میں اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 98 اور دہشت گردی میں 95 فیصد کمی آئی، اور اس دوران 2 ہزار 683 کلو میٹر پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا 83 فیصد کام کیا جاچکا ہے، باڑ کو لگانے پر فوج نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مشرقی سرحد سے بھارت کی اشتعال انگیزیوں میں اضافہ ہوا، اور 2019 میں بھارت کی جانب سب سے زیادہ خلاف ورزیاں کی گئیں، اور 15 سالہ بھارتی مہم میں پاکستان کی ساکھ کو بری طرح متاثرکیا گیا، بھارت کے تمام جعلی اکاؤنٹس کو 3 این جو اوز چلا رہے تھے، کشمیر کے محاذ پر بھارتی جارحیت کو چھپایا گیا، بھارت کی دہشت گردی کے ٹھوس ثبوت ڈوزیئر کی صورت میں دنیا کے سامنے لائے گئے، بھارت کے خلاف ای یو ڈس انفارمیشن لیب کے ذریعے بھی شواہد سامنے آچکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ لانگ مارچ کی روالپنڈی آنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، اگر مولانا فضل الرحمان راولپنڈی آتے ہیں تو انہیں چائے پانی پلائیں گے، ہماری مزاحمت فوج سے ہوتی ہے، فوج کے خلاف الزامات میں حقیقت پرردعمل دیا جاتا ہے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.