Daily Taqat

چوہدری سرور سینیٹ کی نشست سے مستعفی، کل گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر چودھری سرور نے اپنی سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تحریک انصاف نے انہیں پنجاب کا گورنر نامزد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر چودھری محمد سرور نے تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب کا گورنر نامزد ہونے کے بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے لیے سینیٹر کی نشست چھوڑ دی ہے۔ وہ کل گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اس سے قبل وہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ دس اگست کو چوہدری محمد سرور کو بطور گورنر پنجاب منتخب کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری سرور وفاق کی نمائندگی کریں گے، چوہدری سرور پنجاب کی سیاست سے بخوبی واقف ہیں، ان کے سیاسی تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ان کی حلف برداری کی تقریب 28 اگست کو منعقد ہونا تھی۔ تاہم وزیر اعظم کی ہدایت پر چوہدری سرور نے صدارتی انتخاب کے بعد حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس حوالے سے چوہدری سرور نے کہا تھا کہ کہ عارف علوی کو صدر منتخب کرانے میں بحیثیت سینیٹر اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، لہذا چار ستمبر کے بعد حلف اٹھاؤں گا۔

چوہدری سرورتین بار گلاسگو سے برطانوی پارلیمان کے رکن منتخب ہو چکے ہیں اور 13 سال گلاسگو مرکز کی لیبر پارٹی کی طرف سے نمائندگی کی۔ وہ برطانیہ کے پہلے مسلم پارلیمینٹیرن رہے ہیں۔ انہیں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2 اگست 2013 کو گورنر پنجاب منتخب کیا تھا۔ تاہم 29 جنوری 2015 کو انہوں نے اپنے عہدے سے نہ صرف استعفیٰ دے دیا بلکہ بعد ازاں انہوں نے مسلم لیگ سے راہیں جدا کرکے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ تحریک انصاف نے انہیں پنجاب میں تنظیم سازی کے لیے آرگنائز مقرر کیا تھا۔ سینیٹ انتخابات میں چوہدری سرور پنجاب سے منتخب ہونے والے واحد سینیٹر تھے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »