چیئرمین سینیٹ : ن لیگ کے 3 سینیٹرز کا راجہ ظفرالحق کو ووٹ نہ دینے کا انکشاف

چیئرمین سینیٹ کے امیدوار راجہ ظفرالحق کو ووٹ نہ دینے والوں میں جے یو آئی (ف)کے 2، فاٹا کے 2 اوربلوچستان کے سینیٹر میرنعمت اللہ زہری ، آغا شاہ زیب درانی اورکلثوم پروین نے پارٹی کو ووٹ دینے کے بجائے صوبے کو ترجیح دی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے چیئرمین سینیٹ کیلئے اپنے امیدوار کو ووٹ نہ دینے والوں کا سراغ لگا لیا ہے جس کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ اوربلوچستان ن لیگ کے صوبائی صدر نواب ثنااللہ زہری کے چھوٹے بھائی میرنعمت اللہ، نواب ثنا اللہ کے برادر نسبتی آغا شاہ زیب درانی اوربلوچستان سے ن لیگ کی سینیٹر کلثوم پروین نے راجہ ظفرالحق کو ووٹ نہیں دیا ، جبکہ جے یو آئی (ف)کے 4 میں سے 2 ارکان نے بھی اتحادی امیدوار کو ووٹ نہ دیا جن کے نام تاحال سامنے نہیں آسکے۔ فاٹا کے دو سینیٹرز نے نواز شریف سے وعدہ کرکے بھی راجہ ظفرالحق کو ووٹ نہ دیا۔

ایک ذریعہ نے یہ بھی بتایا کہ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کی ہدایت کے باوجود ان کی جماعت کی سینیٹر ستارہ ایاز نے راجہ ظفرالحق کے بجائے ووٹ سنجرانی کے حق میں کاسٹ کیا، اخبار کے مطابق مذکورہ 8سینیٹرز نے وعدہ خلافی کرتے ہوئے راجہ ظفرالحق کو ووٹ دینے کے بجائے پیپلزپارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار صادق سنجرانی کو ووٹ دیا، جے یو آئی (ف)کے 2 ووٹ بھی بلوچستان یعنی صوبے کے امیدوار صادق سنجرانی کے حق میں گئے۔

ذرائع کے مطابق فاٹا کے سینیٹرز ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ مانگ رہے تھے جس سے نواز شریف نے انکار کیا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز نے پارٹی سے زیادہ صوبے کو اہمیت دی۔گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف سے مولانا فضل الرحمن نے پنجاب ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سابق ڈپٹی چیئرمین عبدالغفور حیدری کو خصوصی طور پر بلایا گیا۔

غفور حیدری کے پنجاب ہاﺅس پہنچنے پر میڈیا کے نمائندوں نے ان سے استفسار کیا کہ کیا کیا آپ نے مسلم لیگ ن کو ووٹ نہیں دیا تھا تو انہوں نے جواب دیا کہ کیا ایسا ہوسکتا ہے ؟ایک اور سوال پرانہوں نے کہا جس نے ووٹ نہیں دیا اس کو پتہ ہوگا۔ادھر مسلم لیگ(ن) کے ترجمان ڈاکٹر آصف کرمانی نے اعلامیہ جاری کیا کہ گزشتہ روز نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن سے سینیٹ میں ووٹ نہ ملنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.