دونوں رہنماؤں کا بین الااقوامی اور ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفی کمال کی کل لاہور میں ملاقات متوقع ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال سے ٹیلفونک رابطہ ہوا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے ماڈل ٹاؤن سانحہ اور باقر نجفی رپورٹ پر عوامی تحریک کے مؤقف کا ساتھ دینے اور حمایت میں کھل کر بیان دینے پر مصطفیٰ کمال کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں لاہور آ کر ملاقات کی دعوت  بھی دی۔

دونوں رہنماؤں نے بین الااقوامی اور ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مصطفی کمال نے ڈاکٹر طاہر القادری کی دعوت قبول کرتے ہوئے ان کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پی ایس پی شروع دن سے ماڈل ٹاؤن پر واضح مؤقف رکھتی ہے اور جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ شائع ہونے کے بعد اب واضح ہو گیا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ قتل و غارت گری کے ذمہ دار ہیں۔

مصطفی کمال کی جانب سے طاہر القادری کی ملاقات کی دعوت قبول کرلینے کے بعد کل بروز ہفتہ (9 دسمبر) پی ایس پی کا وفد لاہور پہنچے گا۔

پی ایس پی کے وفد میں سیکریٹری جنرل رضا ہارون اور وائس چیئرمین افتخار رندھاوا شامل ہوں گے۔

ملاقات کے دوران ماڈل ٹاؤن رپورٹ پر تفصیلی بات چیت اور اس کے مندرجات کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.