Daily Taqat

بلوچستان حکومت نے صوبے میں پرائیویٹ بی اے پر عائد پابندی ختم کر دی

بلوچستان حکومت نے صوبے میں پرائیویٹ بی اے پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے چار سالہ بی ایس پروگرام کے ساتھ ساتھ بی اے /بی ایس سی کو بھی بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ طلبا و طالبات اور والدین میں خوشی کی لہر اٹھی ہے۔

بی پی ایل اے نے نوٹیفکیشن کے اجراء پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں فروغ تعلیم پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ پرائیویٹ بی اے سے صوبے کے غریب طلباء وطالبات مستفید ہوں گے۔ واضح رہے کہ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے پرائیویٹ بی اے اور بی ایس سی ختم کر کے چار سالہ بی ایس پروگرام پر شدید تحفظات کااظہار کرتے ہوئے اسے بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے کے غریب عوام کے ساتھ زیادتی قرار دیا تھا۔ گزشتہ ہفتے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجوایٹ کالج کوئٹہ کینٹ میں بی پی ایل اے کابینہ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے باقاعدہ اعلان کیا تھا کہ صوبائی حکومت اس اہم مسئلے کو دیکھتے ہوئے بی ایس کے ساتھ ساتھ بی اے اور بی ایس سی کو بھی جاری رکھے گی۔ گزشتہ روز اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ سیکرٹری کالجز، ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن سے نہ صرف طلباء و طالبات بلکہ ان کے والدین اور سرپرستوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جبکہ بی پی ایل اے کے مرکزی دفتر سے جاری کردہ بیان میں نوٹیفکیشن کے اجراء پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر تعلیم، سیکرٹری کالجز ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سمیت دیگر تمام حکام کا شکریہ ادا کیاہے بی پی ایل اے کے بیان میں اس فیصلے کو حق کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بی پی ایل اے جدید دنیا سے قدم ملا کر چلنے کے خلاف نہیں۔ مگر گزشتہ حکومت نے انتہائی اہم نوعیت کا فیصلہ انتہائی عجلت میں کرتے ہوئے چار سالہ بی ایس پروگرام کا اجراء کیا۔ پرائیویٹ بی اے اور بی ایس سی ختم کرنے کا فیصلہ انتہائی نامناسب تھا تاہم اب یہ فیصلہ واپس لیتے ہوئے دوبارہ پرائیویٹ بی اے بحال کردیا گیا ہے۔ جس پر بی پی ایل اے متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کااظہار کرتی ہے کہ آئندہ بھی حکومتی سطح پر ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تا کہ صوبے سے تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »