عاصمہ جہانگیر کو جس وقت دل کی تکلیف ہوئی تو وہ معروف وکیل اعظم نذیر تارڑ سے بات کر رہی تھیں
معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں، سپریم کورٹ بار کی سابق صدر کو جس وقت دل کی تکلیف ہوئی تو وہ معروف وکیل اعظم نذیر تارڑ کے ساتھ فون پر بات کر رہی تھیں کہ اچانک زمین پر گر گئیں جس پر اہلخانہ نے انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال میں منتقل کیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب میری عاصمہ جہانگیر سے بات ہو رہی تھی تو مجھے زور سے کسی کے گرنے کی آواز آئی اور میں سمجھا کہ شاید گھر میںکوئی بچہ گرا ہے، انہوں نے کہا کہ اس کے بعد میں نے کئی بار فون کیا لیکن اٹینڈ نہ ہوا ۔
ان کا کہناتھا کہ کچھ دیر میں بعد جب میں نے دوبارہ فون کیا تو مجھے بتایا کہ عاصمہ جہانگیر کو دل کی تکلیف ہوئی جس پر میں بھی ہسپتال چل پڑا لیکن یہاں پہنچ کر پتہ چلا کہ معروف قانون دان اب دنیا پر نہیں رہی ،انہوں نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ان کا کہناتھا کہ عاصمہ جہانگیر کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاپوری نہیں ہو سکتا۔