اصغر خان عمل درآمد کیس ایک بار پھر سپریم کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر
جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 11 فروری کو سماعت کرے گا
اصغر خان عمل در آمد کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا، جسٹس گلزار احمد بینچ کے نئے سر براہ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق مشہور زمانہ اصغر خان عمل در آمد کیس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی جانب سے نیا بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔
جسٹس گلزار احمد 3 رکنی بینچ کے نئے سر براہ ہوں گے، تین رکنی بینچ میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہوں۔ اصغر عمل در آمد کیس کی سماعت 11 فروری کو سپریم کورٹ میں ہوگی، اس موقع پر ایف آئی اے معاملے پر پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔ اس ضمن میں اٹارنی جنرل، ڈی جی ایف آئی اے اور تمام متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
ساتھ ہی اصغر خان کے بچوں کو بھی مقدمے کی پیروی کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں، اس ہائی پروفائل کیس کی سماعت 11 فروری کو سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ کرے گا۔
یاد رہے کہ 18 جنوری 2019 کو سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کا عبوری تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا، جس میں عدالت نے سیکرٹری دفاع کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ سیکرٹری دفاع پیش رفت سے متعلق تحریری جواب جمع کرائیں۔