عاصمہ ارباب کیخلاف کرپشن ریفرنس دائر، دیگر وفاقی وزرا کیخلاف تحقیقات کی منظوری

 نیب نے سابق وفاقی وزیر عاصمہ ارباب کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کرنے جب کہ اکرم درانی اور روبینہ خالد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں انکوائریوں اور ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔ نیب اعلامیے کے مطابق سابق وفاقی وزیر عاصمہ ارباب عالمگیر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، جب کہ سابق وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان ڈاکٹر احسان کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق سابق وفاقی وزیر اکرم درانی، سینیٹر روبینہ خالد، وی سی بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری ڈاکٹر اختر بلوچ اور مسیرز کو سموس پروڈکشن کی انتظامیہ کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کے سابق پروفیسر ڈاکٹر اجمل حسن نقوی کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کے لیے احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.