Daily Taqat

پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے،عمران خان

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے عوامی بہبود کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے انسداد کورونا کے لئے بہترین کام کیا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ ایوان وزیراعلی میں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں پنجاب کے امورپر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلی پنجاب نے صوبے میں آٹا گندم کی صورتحال اور انسداد کورونا اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ بلوچستان میں حکومت پنجاب کے تعاون سے منصوبوں پر بھی اعتماد میں لیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر سردار عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کردیا کہ پنجاب کے وزیراعلی سردار عثمان بزدار ہی رہیں گے. وزیراعظم عمران خان نے عوامی ریلیف کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے انسداد کورونا کے لئے بہترین کام کیا.

حکومتی اقدامات کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوئی، اب حالات بہتر ہورہے ہیں، اسمارٹ لاک ڈاؤن پر حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر زبردست عملدآمد کروایا گیا۔ وزیراعظم سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ اراکین نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے تحفظات کی بھر مار کردی۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار صوبائی اسمبلی اراکین کو زیادہ قومی اسمبلی کی اراکین کو کم ملتے ہیں، ہمارے حلقوں کے مسائل حل نہ ہوئے، ترقیاتی اسکیموں سے محروم ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ کو ممبران اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی الجھن ہے اسے فوری ختم کیا جائے،بزدار صاحب آئندہ کوئی گلہ شکوہ نہیں ہونا چاہے.

ممبران اسمبلی کے تحفظات درست ہیں، ترقیاتی اسکیمیں جہاں ممکن ہیں وہ شروع کی جائیں گی، ممبران اس ضمن میں عوام الناس سے مستقل رابطے میں رہیں اور کسی بھی مسئلے کے حل کے حوالے سے درپیش انتظامی مشکل کی صورت مجھے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ عمران خان پنجاب میں کرپشن ختم نہ ہونے پر بھی برس پڑے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن سے متعلق مجھے میانوالی ،لاہور اور دیگر اضلاع سے بہت کچھ پتہ چلا ہے، پنجاب میں نچلی سطح پر کرپشن ختم ابھی تک نہ ہو سکی، ادارے کیا کر رہے ہیں، پنجاب میں کرپشن ختم کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ بجلی سے محروم علاقوں کو بجلی مہیا کرنے کی درخواست پر عمران خان نے کہا کہ یہ بات درست ہے جن علاقوں میں بجلی نہیں وہاں ہونی چاہیے.

بجلی کی فراہمی کےلئے وفاق و صوبے ملکر کام کریں، تاکہ بچے پڑھ سکیں۔ وزیراعظم کو راوی روڈ اتھارٹی کے تحت لاہور میں نیا شہر بسانے سے متعلق بریف کیا گیا۔ عمران خان مون سون شجر کاری مہم کا آغاز بھی کرینگے، جس میں پودے لگانے کے لیے جاپانی ٹیکنالوجی کا استعمال متعارف کروایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات کے بعد عثمان بزدار کی تبدیلی کی افواہیں زور پکڑ گئی تھیں۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »