Latest news

وفاقی حکومت کا مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:  وفاقی حکومت نے مشتاق مہر کو سندھ پولیس کا نیا انسپکٹر جنرل (آئی جی) تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سندھ میں ایسا آئی جی تعینات کریں گے جو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رواں ماہ پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس کے دوران آئی جی سندھ کا تذکرہ ہوا تو وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جھوٹے کیسز کے حوالے سے رپورٹس موصول ہوئی تھیں۔ فیصلہ کیا ہے کہ ایسا آئی جی تعینات کریں گے جو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ ہو۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلی سندھ نے آئی جی کلیم امام کو ہٹانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کو ایک اور خط لکھا تھا۔ مراد علی شاہ نے خط میں کہا تھا کہ ڈاکٹر کلیم امام کا رویہ سندھ میں نفرتوں کا سبب بن رہا ہے۔ آئی جی سندھ غیر سنجیدہ باتوں سے صوبائی حکومت کی توہین کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت کا کھلے عام مذاق اڑا رہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے گورنر کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے کو غلط قراردیا۔

وزیراعلی نے عمران خان کو بھیجے گئے خط میں مزید کہا کہ پنجاب خیبر پختونخواہ میں آئی جی فوری تبدیل کیےگئے تاہم یہاں معاملہ لٹکا ہوا ہے۔ وفاقی کابینہ کا آئی جی سےمتعلق فیصلہ 1993ء کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے، آئی جی کو ہٹانے کے لیے ٹھوس وجوہات ہیں۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.